سعودی عرب میں ہندوستانی موسیقاروں کی شاندار پرفارمنس چند روز کی دُوری پر

اثراء سنٹر میں ہندوستان کے 36 ممتاز موسیقار بیک وقت مختلف ساز بجائیں گے

Muhammad Irfan محمد عرفان بدھ 7 نومبر 2018 12:30

سعودی عرب میں ہندوستانی موسیقاروں کی شاندار پرفارمنس چند روز کی دُوری پر
دہران(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔7 نومبر2018ء) سعودی مملکت میں ایک دفعہ پھر بین الاقوامی موسیقی کی منفرد تقریب ہونے جا رہی ہے۔ موسیقی کی یہ تقریب شاہ عبدالعزیز انٹرنیشنل کلچرل سنٹر ’اثراء‘ میں منعقد ہو گی۔ ہندوستانی موسیقار 14 نومبر سے 17 نومبر 2018ء تک سعودی عوام اور غیر مُلکیوں کومختلف سازوں کی پرفارمنس سے محظوظ کریں گے۔ اثرء سنٹر کے تعلقاتِ عامہ کے انچارج ڈاکٹر اشرف فقیہ نے بتایا کہ اس میوزیکل شو میں مختلف روایتی ساز استعمال کیے جائیں گے۔

مشہور موسیقار ابیل مینگنیر ہندوستانی موسیقی کا تعارف پیش کریں گے۔ اثراء سنٹر کو مذکورہ پروگرام کے حساب سے ڈیزائن کیا جا رہا ہے۔ کیونکہ اس موسیقی کے پروگرام میں 36 ممتاز موسیقار اپنے ساز بجائیں گے۔ ان سازندوں کے لیے 36 کھڑکیاں بنائی جا رہی ہیں۔

(جاری ہے)

ہر کھڑکی میں ایک سازندہ اپنے ساز کے ساتھ موجود ہو گا۔ ڈاکٹر اشرف فقیہ نے مزید بتایا کہ اثراء سنٹر نے سعودی عوام کو دُنیا کے مختلف ممالک کی ثقافت اور موسیقی کی روایت سے رُوشناس کرانا ہے۔

اس مقصد کے تحت اس سنٹر میں امریکی، جرمنی، مراکشی، فرانسیسی، ہندوستانی، عراقی، جاپانی ، آسٹریائی اور رُوسی فنکاروں کو بھی مدعو کیا جا رہا ہے۔ اس کے علاوہ 2019ء میں عرب تاریخ کا سنٹر کی جانب سے اپنا تیار کردہ تھیٹر بھی پیش کیا جائے گا۔ واضح رہے کہ سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی اعتدال پسند پالیسیوں کے باعث آج سعودی مملکت قدامت پرستی کے صدیوں پُرانے ماحول سے باہر آ کر جدید دُنیا کے ہم قدم رواں دواں ہے۔ 35 سالوں بعد مملکت میں قانونی طور پر سینما تھیٹرز عوام کی تفریح کی خاطر کھُل گئے ہیں۔ سعودی تاریخ میں گزشتہ سال اور اس سال کے دوران بھی کئی بین الاقوامی فنکاروں اور گلوکاروں نے اپنے کانسرٹس سے عوام کو خوب محظوظ کیا ہے۔

میں شائع ہونے والی مزید خبریں