ریاض:داعش کے دہشت گرد سعد راضی العنزی کا سر قلم کر دیا گیا

مطلوب دہشت گرد نے سیکیورٹی اہلکار کے علاوہ اپنے چچاز زاد کو بھی شہید کیا تھا

Muhammad Irfan محمد عرفان بدھ 14 نومبر 2018 13:40

ریاض:داعش کے دہشت گرد سعد راضی العنزی کا سر قلم کر دیا گیا
ریاض(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔14 نومبر2018) وزارت داخلہ کی جانب سے جاری کردہ ایک اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ عالمی دہشت گرد تنظیم داعش کے سرگرم رُکن سعد راضی العنزی کا اُس کے گناہوں کی پاداش میں سر قلم کر دیا گیا۔ یہ کارروائی گزشتہ روز حائل کے ایک عوامی اجتماع میں انجام پائی۔ وزارت داخلہ کے مطابق سعد راضی العنزی ایک خطرناک دہشت گرد تھا۔

جس نے دہشت گردی کی کئی کارروائیاں انجام دیں۔ وہ ایک سیکیورٹی اہلکار کو قتل کرنے کے علاوہ اپنے سگے چچا زاد کو بھی زندگی سے محروم کر بیٹھا تھا۔ سعد دہشت گرد تنظیم داعش کے افکار و نظریات سے بہت متاثر تھا اور دُوسرے افراد کو بھی اس تنظیم میں شامل ہونے کی ترغیب دیتا تھا۔ اُس نے داعش کے امیر کے ہاتھوں پر بیعت بھی کر رکھی تھی۔

(جاری ہے)

سعد عوام کو سعودی فرمانروا اور اُن کے خاندان کے خلاف بھڑکاتا تھا اور بغاوت برپا کرنے کی کوششوں میں مصروف تھا۔

وہ اس قدر وحشیانہ خصلت کا مالک تھا کہ اپنے چچا کے بیٹے کو بھی دھوکے سے صحرا میں بُلا کر بے رحمی سے قتل کر ڈالا۔ اُس کے ہاتھوں مرنے والا چچا زاد مدوس العنزی مسلح افواج میں خدمات انجام دیتا تھا۔ سعد کو اپنی دہشت گردانہ سرگرمیوں میں اُس کے چھوٹے بھائی عبدالعزیز کا بھی بھرپور تعاون حاصل رہا۔ دونوں نے اپنے چچا زاد کو حائل کے صحرا میں ہاتھ پیر جکڑنے کے بعد فائرنگ کر کے شہید کر دیا تھا۔

ان بے رحم بھائیوں نے اس بہیمانہ واقعے کی ویڈیو کلپ بھی بنائی تھی جس میں اُن کا چچا زاد بھائی مدوس جان بخشی کی بھیک مانگ رہا تھا، مگر انسانیت سے عاری سعد کا دِل نہ پسیجا اور اُسے ہلاک کر ڈالا۔ سعد نے ایک سیکیورٹی اہلکار کو بھی فائرنگ کر کے شہید کیا تھا۔ آخرکار سیکیورٹی فورسز نے اُس کا سُراغ لگا کر ایک آپریشن کے دوران اُسے زندہ حالت میں گرفتار کر لیا۔ فوجداری عدالت کی جانب سے اُسے فساد فی الارض کا مرتکب قرار دے کر سزائے موت کا حُکم سُنایا گیا تھا، جس پر گزشتہ روز عمل درآمد کیا گیا۔

میں شائع ہونے والی مزید خبریں