دمام: سعودی عرب کی پہلی خاتون کار چور سامنے آ گئی

کلوز سرکٹ کیمروں نے خاتون کی جانب سے کار چوری کی حرکت کو ریکارڈ کر لیا

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعہ 31 اگست 2018 11:23

دمام: سعودی عرب کی پہلی خاتون کار چور سامنے آ گئی
دمام(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔31 اگست 2018) سعودی عرب کے علاقے دمام میں ایک پارکنگ کے باہر کلوز سرکٹ کیمروں کی ایک سعودی خاتون کی ایسی حرکت ریکارڈ کر لی جس نے مملکت بھر میں کھلبلی مچا دی ہے۔ کلوز سرکٹ کیمروں کے کلپ میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ایک سعودی مرد اپنی کار پارکنگ میں کھڑی کر کے جاتا ہے تو قریب ہی موجود ایک سعودی خاتون اُس کی سُرک رنگ کی کار کا دروازہ کھول کر ڈرائیونگ سیٹ پر سوار ہوتی ہے ‘ کار کو ریورس کرتی ہے اور پھر گاڑی لے کر فرار ہو جاتی ہے۔

کلپ میں دکھایا گیا ہے کہ ساحلی شہر کی پارکنگ کے پاس ایک سفید رنگ کی کار کھڑی ہے۔ اسی دوران اسی دوران ایک سُرخ رنگ کی کار وہاں آتی ہے اور اُس میں سوار سعودی مرد باہر آتا ہے اور کہیں چلا جاتا ہے۔ اُس کے جاتے ہی سفید کار کی پچھلی سیٹ پر براجمان خاتون باہر آتی ہے اور دائیں بائیں دیکھ کر تسلّی کرتی ہے کہ کوئی اُسے دیکھ تو نہیں رہا۔

(جاری ہے)

پھر وہ سفید کار کی ڈرائیونگ سیٹ والا دروازہ کھول کر اُس میں سوار ہوتی ہے اور کار اُڑا لے جاتی ہے۔

تاہم اس ویڈیو کے حوالے سے سعوی عرب میں ایک بحث چھڑ گئی ہے۔ کچھ کا خیال ہے کہ خاتون نے سچ مچ کار چوری کی ہے جبکہ کئی افراد کے خیال میں یہ ویڈیو مذاق (Prank) پر مبنی ہے۔جو لوگ اس ویڈیو کی بنا پر خاتون کو اصلی چور قرار دے رہے ہیں وہ اُس کی دیدہ دلیری پر حیران ہیں کہ آج سے پہلے کبھی کسی سعودی خاتون نے گاڑی چوری کی واردات نہیں کی۔ واضح رہے کہ رواں سال 24 جُون کو خواتین پر کئی دہائیوں سے عائد ڈرائیونگ کی پابندی ہٹا لی گئی۔

پابندی ہٹانے کے اس فیصلے میں سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کا کردار سب سے اہم تھا جس کا مقصد وِژن 2030کے تحت سعودی معیشت کو خاطر خواہ ترقی دینے کے لیے خواتین کو بااختیار بنانا تھا۔ دُنیا بھر میں اُن کے اس فیصلے کی پذیرائی کی گئی۔ ہزاروں کی تعداد میں خواتین نے ڈرائیونگ ٹیسٹ دینے کے بعد پرمٹ حاصل کر لیا ہے۔ ایک اندازے کے مطابق 2020ء تک تقریباً تیس لاکھ سعودی خواتین ڈرائیونگ پرمٹ حاصل کر لیں گی۔ اس وقت ریاض اور جدہ میں خواتین کے لیے چند ڈرائیونگ سکول موجود ہیں۔آپ بھی سعودی خاتون کی جانب سے کار چوری کے انوکھے واقعے کی ویڈیو ملاحظہ کیجیے:

الدمام میں شائع ہونے والی مزید خبریں