سعودی عرب :میاں کی جانب سے بیوی کے لیے بے پناہ محبت کا اظہار

چار سال سے گردوں کے عارضے میں مبتلا بیوی کو اپنا گُردہ عطیہ کر دیا

Muhammad Irfan محمد عرفان پیر 17 ستمبر 2018 11:37

سعودی عرب :میاں کی جانب سے بیوی کے لیے بے پناہ محبت کا اظہار
دمام(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔17 ستمبر 2018ء) میاں بیوی کا رشتہ محبت اور ایثار کا رشتہ ہے۔ اگر اس رشتے میں ایک دوسرے کے لیے قربا نی کا جذبہ بھی شامل ہو جائے تو یہ تعلق لازوال ہو جاتا ہے۔ دُنیا بھر میں کئی ایسے واقعات سامنے آتے ہیں جن سے ازدواجی محبت کی بے انتہا گہرائیوں کا اظہار ہوتا ہے۔ سعودی عرب کے مشرقی خطے میں رہائش پذیر شبیلی الشہری اور اُس کی زوجہ رفعہ الشہری کا شمار بھی کامیاب ازدواجی جوڑوں میں ہوتا ہے۔

یہ میاں بیوی ایک دوسرے سے انتہائی محبت کرتے ہیں۔34 سالہ سعودی باشندے شبیلی الشہری کی شادی 11برس قبل رفعہ الشہری سے ہوئی۔ دونوں میاں بیوی کے درمیان مثالی ازدواجی تعلقات قائم ہیں اور دونوں ایک دوسرے پر جان چھڑکتے ہیں۔ خاندان والے اور ہمسائے ان کی بے پناہ محبت کی مثالیں دیتے ہیں۔

(جاری ہے)

تاہم آج سے 4 سال قبل رفعہ الشہری گُردوں کے مرض میں مبتلا ہو گئی۔

اسی دوران اُن کے ہاں بچے نے جنم لیا۔اُس کی پیدائش کے بعد رفعہ کو ہر دم یہ فکر ستانے لگی کہ اگر گردوں کا مسئلہ زیادہ پیچیدہ ہو نے کے باعث وہ زندگی سے ہاتھ دھو بیٹھی تو بچے کا مستقبل کتنا تاریک ہو گا۔ وہ ممتا کے رنگوں کے بغیر کس طرح زندگی کا بھرپور لطف اُٹھا پائے گا۔ گردوں کی بیماری میں شدت آنے کے باعث ایک روز اُسے یقین ہو گیا کہ اب وہ زیادہ عرصہ زندہ نہیں رہ پائے گی۔

30سالہ رفعہ کے خاوند کو بھی بیوی کی بیماری اور بچے کے مستقبل کی فکر کھائے جا رہی تھی۔ آخر اُس نے ایک فیصلہ کیا اور اس فیصلے کو عملی رُوپ دینے کے لیے شاہ فہد ہسپتال کے زیر انتظام اعضاء کی پیوندکاری کے مرکز سے رجوع کر کے درخواست کی کہ اُس کا ایک گُردہ بیمار بیوی کو لگا دیا جائے۔ مگر بیوی نے اپنے خاوند کا گُردہ قبول کرنے سے انکار کر دیا۔

کیونکہ اسے خدشہ تھا کہ کہیں ایک گُردے کی کمی کے باعث خاوند کی زندگی کو خطرہ لاحق نہ ہو جائے۔ تاہم ڈاکٹروں کی جانب سے اُسے یقین دلایا گیا کہ ایک گُردے کے ساتھ بھی اُس کا خاوند پہلے کی مانند صحت مند زندگی گزار سکتا ہے تو اُس نے بالآخر خاوند کی ضد کے آگے ہتھیار ڈالی دیئے۔ گُردے کی منتقلی کا آپریشن کامیاب ہونے کے بعد دونوں میاں بیوی خوشی اور لطف سے بھر پور زندگی گُزار رہے ہیں اور خاوند کے اس ایثار کو سوشل میڈیا کے صارفین کی جانب سے بہت زیادہ سراہا جا رہا ہے۔

الدمام میں شائع ہونے والی مزید خبریں