دمام :اُونٹ کو ریال کھلانے کی ویڈیو نے ہنگامہ کھڑا کر دیا

سعودیوں نے قومی کرنسی کی توہین کے مرتکب شخص کو سزا دینے کا مطالبہ کر دیا

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعہ 28 ستمبر 2018 14:43

دمام :اُونٹ کو ریال کھلانے کی ویڈیو نے ہنگامہ کھڑا کر دیا
دمام(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔28 ستمبر 2018ء) گزشتہ دِنوں سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو وائرل ہوئی ہے جس میں ایک سعودی باشندہ اپنے اُونٹ کو چارے کی بجائے سعودی ریال کھلا رہا ہے۔ اس ویڈیو کے سامنے آنے پر سعودی عوام میں شدید غم و غصّہ پایا جاتا ہے۔ جبکہ قانونی ماہرین کا کہنا ہے کہ اس شخص کو گرفتار کر کے سعودی کرنسی کی توہین کے الزام میں اس پر مقدمہ چلایا جائے اور سخت سے سخت سزا دی جائے۔

مذکورہ ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ایک سعودی شخص روٹی کے اندر سعودی ریال لپیٹ کر اپنے اُُونٹ کو کھلا رہا ہے۔ سوشل میڈیا صارفین نے متفقہ طور پر اس عمل کی مذمت کی، اور اسے غیر ذمہ دارانہ قرار دیا اور مطالبہ کیا کہ اس شخص کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے۔بینکنگ آگاہی کمیٹی کے چیئرمین طلعت حافظ نے اس عمل کو غلیظ قرار دیا۔

(جاری ہے)

اُن کا کہنا تھا کہ قومی کرنسی درحقیقت قومی وقار کی علامت ہوتی ہے۔

قومی کرنسی کے ساتھ چھیڑ چھاڑ اور اس کی تذلیل ناقابلِ معافی ہے۔ کوئی بھی صاحبِ عقل اس عمل کو قابلِ تعریف قرار نہیں دے سکتا۔ باقی پولیس کا کام ہے کہ وہ اس پر کیا ایکشن لیتی ہے۔ اس ویڈیو کے سامنے آنے سے بلاشبہ اُن لوگوں کے جذبات مجروح ہوئے ہیں جو غریب اور نادار ہیں، اس پیسے کی اُنہیں کیا زیادہ ضرورت ہے۔ پیسے کو نمود و نمائش پر خرچ کرنے کی بجائے حاجت مندوں کے حوالے کرنا کہیں زیادہ احسن کام ہے جس سے معاشرے میں بھلائی پنپتی ہے اور مذہبی طور پر بھی اس کام کا آخرت میں بڑا اجر ہے۔

اُونٹ کو نوٹ کھلانا تو ایک بُری حرکت ہے ہی، لیکن اس کی ویڈیو بنا کر سوشل میڈیا پر پوسٹ کرنا بھی ایک اور جُرم ہے۔دُوسری جانب سعودی عریبین مانیٹری اتھارٹی (SAMA) نے عوام الناس کو خبردار کیا ہے کہ قومی کرنسی کی عمداً توہین کرنے والے کو سخت نتائج کا سامنا کرنا پڑے گا۔ اتھارٹی کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق قومی کرنسی کی توہین کرنے، اُس کی شکل بگاڑنے، اُس پر نازیبا الفاظ تحریر کرنے، توڑنے پھاڑنے، کیمیکل مواد سے صاف کرنے کی کوشش کرنے، وزن اور حجم کو کم کرنے والا شخص قانون کے شکنجے میں آئے گا۔

کیونکہ یہ ایک قابلِ تعزیر جُرم ہے۔قومی کرنسی کی توہین کرنے والے کو قید اور جرمانے کی سزا ہو گی۔ قانون کے مطابق اس جُرم پر 5 برس قید کی سزا بھُگتنا ہو گی یا پھر 3 ہزار سے 5 ہزار ریال کا جرمانہ ادا کرنا ہو گا۔

الدمام میں شائع ہونے والی مزید خبریں