دمام: بہن کی شناختی دستاویزات پر بحرین کا سفر کرنے والی سعودی خاتون گرفتار

فنگر پرنٹس میچ نہ ہونے کی وجہ سے خاتون دھوکا دہی میں کامیاب نہ ہو سکی

Muhammad Irfan محمد عرفان پیر 1 اکتوبر 2018 16:45

دمام: بہن کی شناختی دستاویزات پر بحرین کا سفر کرنے والی سعودی خاتون گرفتار
دمام(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔یکم اکتوبر2018ء) امیگریشن حکام نے شاہ فہد کاز وے کے سمندری راستے سے بحرین داخل ہونے کی کوشش کے دوران سعودی خاتون کو گرفتار کر لیا۔ گرفتاری کی وجہ یہ بتائی جاتی ہے کہ خاتون نے بیرونِ مُلک سفر کے لیے اپنی ذاتی دستاویزات کی بجائے سگی بہن کا شناختی کارڈ استعمال کیا۔ تاہم یہ عورت بھول گئی یا اُسے اس بات کا پتا نہیں تھا کہ اس سمندری امیگریشن پوائنٹ پر جب اُس کے فنگر پرنٹس لیے جائیں گے تو وہ اُس کے پاس موجود دستاویزات کے تحت رجسٹرڈ بہن کے فنگر پرنٹس سے میچ نہیں کریں گے۔

امیگریشن حکام نے خاتون کو گرفتار کر لیا تو تفتیش کے دوران اُس نے بتایا کہ اُس نے بحرین کے سفر کے لیے اپنی بہن کا شناختی کارڈ اس لیے چُرایا کیونکہ اُس کے سرپرست کی جانب سے اُسے اس سفر کی اجازت نہیں دی گئی تھی۔

(جاری ہے)

خاتون کی جانب سے اس دھوکا دہی کا مُرتکب ہونے پر اُسے گرفتار کر لیا گیا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ پاسپورٹ قواعد کے مطابق اُس کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔

مشرقی صوبے کے پاسپورٹ ڈیپارٹمنٹ کے ترجمان کرنل مولا العُتیبی نے بتایا ’’ہر سعودی شہری کے کوائف سنٹرل ڈیٹا بیس میں محفوظ ہیں، اسی باعث شناخت میں دھوکا دہی کی مرتکب ہونے والی یہ خاتون امیگریشن حکام کی گرفت میں آ گئی۔ ہم نے خاتون کے پاس موجود اُس کی بہن کی دستاویزات کا رجسٹریشن نمبر اپنے الیکٹرانک ڈیٹا بیس میں درج کیا جس کے بعد موقع پر موجود بائیو میٹرک مشین کی مدد سے خاتون کے فنگر پرنٹس لیے گئے جو دستاویزات کی حامل خاتون سے میچ نہ کر سکے۔

اس وقت مملکت کے تمام داخلی اور خارجی مقامات پر فنگر پرنٹس ڈیوائسز موجود ہیں، جس کے باعث امیگریشن اہلکاروں کا کام آسان ہو گیا ہے۔ غلط شناخت ظاہر کرنا سعودی قانون کی رُو سے قابلِ تعزیر جُرم ہے جس کی سزا چھ ماہ جرمانے کے علاوہ دس ہزار ریال جرمانے کی صورت میں بھُگتنا پڑتی ہے۔

متعلقہ عنوان :

الدمام میں شائع ہونے والی مزید خبریں