سعودی نے اس بار اندرون ملک مقیم افراد کے لیے سستا حج متعارف کرا دیا

وزارت حج کی جانب سے رواں سال چار حج پیکیج متعارف کرا ئے گئے ہیں

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعرات 27 جون 2019 11:18

سعودی نے اس بار اندرون ملک مقیم افراد کے لیے سستا حج متعارف کرا دیا
مکّہ(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین- 27جُون 2019ء) سعودی وزارت حج و عمرہ کی جانب سے رواں سال مملکت میں مقیم مقامی اور غیر مُلکی افراد کے لیے حج پیکیجز کا اجراء کر دیا ہے۔ اس بار مملکت میں مقیم حج کے خواہش مندوں کے لیے مجموعی طو رپر چار پیکیج متعارف کرائے گئے ہیں۔ سعودی اخبار عکاظ کے مطابق اس بار اکانومی ون حج پیکیج سات کیٹگریز پر مشتمل ہے۔ جو3947 ریال سے لے کر 4574 ریال تک کا ہو گا۔

اس کے بعد اکانومی ٹو حج پیکیج ہے جسے ’الضیافہ ‘ کا نام دیا گیا ہے۔ ضیافہ ون 7561 ریال سے لے کر 8161 ریال تک کا ہو گا۔ جبکہ ضیافہ ٹو 7310 ریال سے شروع ہوتا ہے۔ اس کی انتہائی حد 7910 ریال مقرر کی گئی ہے۔ ضیافہ تھری 6508 ریال سے لے کر 7108 ریال میں ہو گا۔ جبکہ ضیافہ فور 5708 ریال سے 6308 ریال تک کا ہو گا۔

(جاری ہے)

جبکہ سب سے سستا حج پیکیج 3465 ریال کا ہے۔مملکت بھر میں موجود غیر مُلکیوں کے لیے سرکاری حج سکیم کے تحت تمام پیکیجز کے لیے رجسٹریشن 4 جولائی 2019ء سے شروع ہو گی۔

جبکہ سعودی شہری بھی کوئی سا حج پیکیج اختیار کرنے کے مجاز ہوں گے۔ مملکت میں مقیم غیر مُلکیوں کو حج کی خاطر دو طرح سے رجسٹریشن کروانے کی سہولت دی گئی ہے۔ پہلے طریقے میں وہ وزارت حج کی ویب سائٹ پر جاکر بائیں جانب اوپر کی طرف سرخ نشان کو پش کریں گے تو باقی تفصیلات بھی سامنے آ جائیں گی۔ جبکہ دُوسرے طریقے کے مطابق local.haj.gov.sa پر جاکر رجسٹریشن کروانی ہو گی۔ حج فیس کی ادائیگی اور مطلوبہ کارروائی مکمل کرنے پر اجازت نامہ از خود پرنٹ کیا جاسکے گا۔ وزارت نے منیٰ ٹاورز میں رہائش کے خواہش مند داخلی حاجیوں کے لیے الگ پیکیج مقرر کیا ہے۔ جس کے تحت رہائش سمیت حج پیکیج کی فیس 11905 ریال وصول کی جائے گی۔

متعلقہ عنوان :

الدمام میں شائع ہونے والی مزید خبریں