سعودی عرب کے صوبہ دمام میں بھی سینما گھر کا افتتاح ہو گیا

اس سے قبل ریاض اور جدہ میں بھی سینما گھر عوام کو تفریح کی غرض سے کھولے گئے ہیں

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعرات 27 جون 2019 11:38

سعودی عرب کے صوبہ دمام میں بھی سینما گھر کا افتتاح ہو گیا
مکّہ(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین- 27جُون 2019ء) سعودی مملکت گزشتہ کچھ عرصے سے ناقابل یقین تبدیلیوں سے گزر رہا ہے اور کئی سہولیات جنہیں ماضی میں ممنوع قرار دے کر عوام پر ان کے دروازے بند کر دیئے گئے تھے، اب اُنہیں دوبارہ سے عوام کی تفریح کے لیے کھول دیا گیا ہے۔ چند ماہ قبل سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں مملکت کا پہلا سینما کنگڈم ٹاور میں کھولا گیا تھا جس کا افتتاح سعودی عرب کے ارب پتی شہزادے ولید بن طلال نے کیا تھا۔

اس سینما کو مشرقِ وسطیٰ کا سب سے لگژری سینما قرار دیا گیا تھا جس میں عوام کے لیے انتہائی آرام دہ اور کشادہ سیٹیں نصب کی گئی تھیں۔ جبکہ ان کے لیے ریستوران اور ویٹرز کی سہولت بھی مہیا کی گئی تھی۔ اس کے بعد دُوسرا سینما جدہ کے ریڈ سی مال میں 29 جنوری 2019ء کو کھولا گیا ۔

(جاری ہے)

جس کے بعد اب تیسرا سینما گھر مشرقی ریجن کے علاقے دمام میں کھولا گیا ہے۔

ویسٹ ایونیو مال میں قائم اس سینما کے افتتاح کے موقع پر میڈیا جنرل اتھارٹی کے اعلیٰ عہدے دار بھی موجود تھے۔ سینما انڈسٹری سے منسلک افراد اور ماہرین کا کہنا ہے کہ سعودی عرب میں لاکھوں افراد فلم بینی کے شائق ہیں۔ مملکت میں اس وقت مزید درجنوں سینما گھر کھولے جانے کی گنجائش موجود ہے۔ اس برس بھی امکان ہے کہ ساڑھے تین کروڑ افراد سینما گھروں میں آ کر فلمز سے لطف اندوز ہوں گے۔

واضح رہے کہ سعودی عرب میں سینما گھروں کے علاوہ تھیٹرز اور میوزیکل کانسڑٹس کا اہتمام بھی کیا جا رہا ہے جن میں مقامی افراد کے علاوہ بین الاقوامی فنکار بھی اپنے فن کا شاندار مظاہرہ کر کے لوگوں کو محظوظ کر رہے ہیں۔ سعودی عرب میں فنونِ لطیفہ کی آبیاری کے لیے حکومتی سطح پر مزید اقدامات بھی کیے جا رہے ہیں۔جن کا مقصد مملکت کے وژن 2030 کو مدنظر رکھتے ہوئے لوگوں کو صحت مند تفریح کے بہترین اور اعلیٰ مواقع فراہم کرنا ہے۔

الدمام میں شائع ہونے والی مزید خبریں