سعودی نوجوان نے غیر مُلکی بچے کے دانت توڑ ڈالے

ملزم نے اپنی فیورٹ فٹ بال ٹیم کے ہارنے پر طیش میں آکر یہ حرکت کی تھی

Muhammad Irfan محمد عرفان پیر 29 جولائی 2019 12:13

سعودی نوجوان نے غیر مُلکی بچے کے دانت توڑ ڈالے
دمام (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 29جولائی 2019ء) فُٹ بال بلاشبہ دُنیا کا مقبول ترین کھیل ہے۔ اس کھیل کے ساتھ شائقین کے بڑے گرم جوش قسم کے جذبات بھی جُڑتے ہوئے ہیں۔ اکثر سٹیڈیمزمیں ہی موجود تماشائی اپنی اپنی ٹیموں کی حمایت میں حد سے زیادہ جذباتی ہو کر گُتھم گُتھا بھی ہو جاتے ہیں اور یوں کھیل کا یہ میدان لاتوں اور گھونسوں کی جنگ کا میدان بن جاتا ہے۔

کئی بار تو صورتِ حال اتنی بگڑ جاتی ہے کہ مشتعل ہجوم پر قابو پانے کے لیے پولیس اور دیگر سیکیورٹی فورسز کو طلب کرنا پڑتا ہے۔ یہی جوش و جنون کئی بار کھیل کے میدانوں سے باہر ٹی وی اسکرینز پر نظریں جمائے شائقین میں بھی لڑائی جھگڑے کا باعث بن جاتا ہے۔ ایسا ہی معاملہ گزشتہ سال جولائی 2018ء میں رُوس میں ہونے والے فٹ بال ورلڈ کپ کے میچوں کے باعث سعودی عرب میں بھی پیش آیا۔

(جاری ہے)

جب ایک سعودی نوجوان نے اپنی فیورٹ ٹیم کے ہارنے پرمخالف ٹیم کو سپورٹ کرنے والے نو سالہ غیر مُلکی بچے کو زمین پر دھکا دے کر گرا دیا جس کے باعث اُس کے کئی دانت ٹُوٹ گئے۔ عدالت نے اس معاملے میں سعودی نوجوان کو تشدد کا قصور وار ٹھہرا کر ایک ماہ قید اور پچاس کوڑوں کی سزا سُنا دی۔ جبکہ متاثرہ بچے کے دانت توڑنے پر اُسے زرِ تلافی کی مد میں 1 لاکھ 26 ہزارسعودی ریال دینے کا حکم بھی سُنایا ہے۔

استغاثہ کے مطابق گزشتہ سال سعودی عرب کے ضلع الفیحہ کے ایک پارک میں برازیل اور بلجیم کا میچ بڑی سکرین پر دکھایا جا رہا تھا، جس میں سعودی نوجوان برازیل کی ٹیم کو سپورٹ کر رہا تھا جو کہ بلجیم کی ٹیم سے میچ ہار گئی۔ جس پر نو سالہ بچے نے اُس کا مذاق اُڑانا شروع کر دیا۔ اپنی فیورٹ ٹیم کی ہار پر دلبرداشتہ نوجوان نے طیش میں آکر بچے کو پیچھے سے زور دے دھکا دیا۔ جس کے باعث اُس کا منہ لوہے کے راڈسے جا ٹکرایا اور اُس کے منہ سے خون بہنا شروع ہو گیا۔ بچے کا ہونٹ پھٹ گیا اور اُس کے اگلے دو دانت بھی ٹوٹ گئے تھے۔ ملزم کو اس حرکت پر گرفتار کر کے عدالت پیش گیا تھا۔ جہاں اُسے سزا سُنا دی گئی۔

الدمام میں شائع ہونے والی مزید خبریں