سعودی عرب میں سیاحتی ویزوں پر مسافروں کی آمد کا سلسلہ شروع ہو گیا

گزشتہ روز اسپین سے آنے والے مسافر کو سیاحتی ویزے پر سعودی مملکت پہنچنے والے اولین سیاح کا اعزاز حاصل ہو گیا

Muhammad Irfan محمد عرفان پیر 30 ستمبر 2019 10:54

سعودی عرب میں سیاحتی ویزوں پر مسافروں کی آمد کا سلسلہ شروع ہو گیا
دمام(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین،30 ستمبر 2019ء) سعودی حکومت کی جانب سے چند روز قبل سیاحتی ویزے کی سروس کا آغاز کیا گیاہے ۔ جس کے چند روز بعد ہی سیاحتی ویزوں پر غیر مُلکیوں کی آمد کا سلسلہ شرع ہو گیا ہے۔ سعودی اخبار 24 کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ کنگ فہد انٹرنیشنل ایئرپورٹ دمام کے ٹویٹر اکاؤنٹ پر بتایا گیا ہے کہ گزشتہ روز اتوار کو اسپین سے سیاحتی ویزے پر آنے والے مسافر کا شاندار استقبال کیا گیا۔

اس اسپینی مسافر کو سیاحتی ویزے پر سعودی مملکت پہنچنے والے اولین سیاح کا اعزاز حاصل ہو گیا ہے۔ جبکہ ریاض کے کنگ خالد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر چین سے بھی سیاح آن پہنچے ہیں۔ سعودی پالیسی کے مطابق ہسپانوی مسافر کو ایئر پورٹ پہنچنے کے بعد موقع پر ہی سیاحتی ویزہ جاری کیا گیا۔

(جاری ہے)

ایئر پورٹ انتظامیہ کی جانب سے ٹویٹر پر درج پیغام میں کہا گیا ہے ’ہمیں بے حد مسرت ہے کہ آج ہم نے سیاحتی ویزے پر آنے والے اولین مسافر کا استقبال کیا اور اس مسافر کو ریکارڈ وقت میں ویزہ جاری کیا گیا۔

“ جبکہ ریاض کے کنگ خالد انٹرنیشنل ایئر پورٹ پر دُبئی سے آنے والے چینی شہری کو موقع پر سیاحتی ویزہ جاری کیا گیا۔ واضح رہے کہ سعودی حکومت نے 49 ممالک کے باشندوں کو سیاحت کے لیے مملکت آنے کی صورت میں آن لائن ویزہ حاصل کرنے کی سہولت حال ہی میں فراہم کی ہے۔ اگر یہ سیاح چاہیں تو ایئر پورٹ پہنچ کر آٹو میٹک سسٹم سے ویزہ حاصل کر سکتے ہیں۔ جبکہ دُوسرا طریقہ آئی پیڈ یا موبائل کے ذریعے اپنے کوائف کا اندراج کرنے کے بعد ویزہ حاصل کرنے کا ہے۔

تیسرا طریقہ محکمہ پاسپورٹ کے کاؤنٹرز ہیں جہاں پر بھی انتہائی آسان طریقے سے ویز ہ حاصل کیا جا سکتا ہے۔ غیر مُلکی سیاحوں کو جدہ، ریاض، دمام، مدینہ منورہ اور العلاء کے انٹرنیشنل ہوائی اڈوں پر پہنچ کر ویزہ حاصل کرنے کی سہولت فراہم کی گئی ہے۔

الدمام میں شائع ہونے والی مزید خبریں