سعودی عرب میں جنونی شخص نے لڑکیوں کی وین پر فائرنگ کر دی

دمام میں فائرنگ کے اس واقعے کے نتیجے میں ایک کم سن لڑکی جاں بحق اور دو زخمی ہو گئیں

Muhammad Irfan محمد عرفان بدھ 22 جنوری 2020 11:18

سعودی عرب میں جنونی شخص نے لڑکیوں کی وین پر فائرنگ کر دی
دمام(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 22جنوری 2020ء) سعودی عرب کی تاریخ کا ایک انوکھا واقعہ رُونما ہوا ہے جس میں ایک جنونی شخص نے نامعلوم وجوہات کی بناء پر لڑکیوں کی ایک وین پر اندھا دُھند فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں وین میں سوار تین لڑکیوں میں سے ایک جاں بحق ہوگئی جبکہ دو زخمی ہوئی ہیں۔ اس کے علاوہ وین کا بھارتی ڈرائیور بھی زخمی ہوا ہے۔ جنہیں طبی امداد کی خاطر قریبی ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

سعودی میڈیا کے مطابق یہ واقعہ الشرقیہ صوبے کے مشہور شہر دمام میں پیش آیا ہے۔ سعودی پولیس کے مطابق 30 سالہ سعودی نوجوان نے ایک وین پر اندھا دُھند فائرنگ کر دی۔ جس کے نتیجے میں وین میں سوار تین لڑکیوں میں سے ایک جاں بحق اوردو زخمی ہوگئی ہیں۔ جبکہ وین چلانے والا بھارتی ڈرائیور بھی زخمی ہو گیا ہے۔

(جاری ہے)

سعودی پولیس کے مطابق حملے کا نشانہ بننے والی تمام لڑکیاں سعودی شہری ہیں۔

پولیس نے یہ دہشت گردانہ کارروائی انجام دینے والے شخص کو گرفتار کر لیا ہے جس کی عمر 30سال سے اُوپر ہے۔ یہ جنونی شخص اس سے قبل میں بھی ظہران کے الفاخریہ نامی علاقے میں ایک گاڑی پر فائرنگ کر چکا ہے۔ جس میں ایک گھر کی خواتین سوار تھیں۔ پولیس کے مطابق زخمیوں کی حالت کے بارے میں ابھی کچھ نہیں کہا جا سکتا۔ جبکہ ملزم سے ابتدائی تفتیش کرنے کے بعد اسے سرکاری استغاثہ کے حوالے کر دیا گیا ہے۔

ملزم نے یہ گھناؤنا کام کیوں کیا، اس حوالے سے ابھی تحقیقات جاری ہیں۔ فی الحال ابھی تک فائرنگ کے اس واقعے کے پس پردہ محرکات سامنے نہیں آ سکے۔ اس افسوس ناک واقعے کے بعد علاقے میں خوف و ہراس کی فضا ہے۔ سوشل میڈیا پر بھی سعودی عوام کی جانب سے اس واقعے پر انتہائی افسوس اور غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے ملوث شخص کو کڑی سے کڑی سزا دینے کا مطالبہ کیا جا رہا ہے۔

الدمام میں شائع ہونے والی مزید خبریں