20 سال قبل اغوا ہونے والے سعودی بچوں کے معاملے میں اہم موڑ آ گیا

موسیٰ الخنیزی کے ڈی این اے سے اُس کے والد کی شناخت ہو گئی

Muhammad Irfan محمد عرفان پیر 17 فروری 2020 11:41

20 سال قبل اغوا ہونے والے سعودی بچوں کے معاملے میں اہم موڑ آ گیا
دمام(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔17فروری 2020ء) کچھ روز قبل ایک خبر سعودی میڈیا کی زینت بنی تھی جس میں بتایا گیا تھا کہ 20 سال قبل دمام کے ایک ہسپتال سے دو مختلف واقعات میں اغوا ہونے والے بچوں کا پتا چل گیا ہے اور انہیں اغوا کر کے پالنے والی 50 سالہ خاتون بھی گرفتار ہو چکی ہے۔ اس مقدمے میں سعودی عوام کی جانب سے گہری دلچسپی کا اظہار کیا گیا تھا۔

اس معاملے میں ایک اہم موڑ آ گیا ہے۔ اغوا ہونے والے دو میں سے ایک بچے موسیٰ الخنیزی کے ڈی این سے اُس کے والد کی تصدیق ہو گئی ہے اور اگلے دو روز میں بچھڑا ہوا بیٹا اپنے گھر والوں سے مِل جائے گا۔ موسیٰ الخنیزی کے والد علی الخنیزی نے کہا ہے کہ اُنہیں اپنے بیٹے کے ملنے پر جو خوشی ہے، وہ بیان نہیں کی جاسکتی۔ علی الخنیزی نے اُمید ظاہر کی کہ اگلے دو دن میں اُن کا بچھڑا ہوا بیٹا اُن کے ساتھ ہو گا اور وہ پہلی بار اکٹھے کھائیں گے ۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھا کہ ڈی این کے بعد یہ تصدیق ہوگئی ہے کہ موسیٰ میرا بیٹا ہے جسے ایک خاتون نے آج سے بیس بر پیشتر مجھ سے چھین لیا تھا۔میں کبھی اللہ کی رحمت سے مایوس نہیں ہوا تھا اور مجھے اُمید تھی کہ میرا بیٹا مجھے ضرور ایک نہ ایک دِن مِل جائے گا۔ ہمارے بیٹے کے پیدا ہونے کے تین گھنٹوں بعد ہی اسے ایک خاتون اغوا کر کے لے گئی تھی۔ جس کی بازیابی کے لیے ہم نے بڑی انعامی رقم کا بھی اعلان کیا تھا۔

خیال رہے کہ سعودی عرب کے ذرائع ابلاغ میں یہ خبر شائع ہوئی تھی کہ بیس سال پیشتر دمام کے ایک اسپتال سے دو بچوں کو اغواء کرلیا گیا تھا۔رپورٹ کے مطابق ایک بچے کو 1996ء میں دمام شہر سے اغواء کیا گیا جب کہ دوسرے کا اغواء 1999ء میں دمام کے ویمن اینڈ چلڈرن اسپتال سے عمل میں آیا۔ دوسرے واقعے کی تفصیل سے پتا چلتا ہے کہ بچے کی پیدائش کے کچھ دیر بعد ایک خاتون ماں کے پاس آئی اور خود کو عملے کا رکن ظاہر کرکے بچہ اپنے ہاتھ میں اٹھایا اور کہا کہ وہ بچے کو نہلا رہی ہے۔

وہ بچے کو وہاں سے لے گئی اور اس کے بعد اس کا کوئی پتا نہیں چل سکا۔گذشتہ منگل کو مشرقی گورنری کی پولیس نے کہا کہ اس نے ایک پچاس سال خاتون کو حراست میں لیا ہے۔ اس پر اپنے گھر میں دو بچوں کو غیرقانونی طورپر رکھنے کا الزام تھا۔ پولیس نے تحقیقات کے بعد بتایا کہ خاتون نے دو بچوں کو اغواء کرکے اپنے پاس رکھا ہوا تھا۔

الدمام میں شائع ہونے والی مزید خبریں