سعودی لڑکی ڈرائیونگ ٹیسٹ کے دوران دِل کا دورہ پڑنے سے چل بسی

نوجوان لڑکی قطیف کے Lincoln کالج سے تعلیم مکمل کر چکی تھی

Muhammad Irfan محمد عرفان بدھ 19 فروری 2020 15:56

سعودی لڑکی ڈرائیونگ ٹیسٹ کے دوران دِل کا دورہ پڑنے سے چل بسی
دمام(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔19فروری 2020ء) سعودی عرب میں ایک نوجوان لڑکی ڈرائیونگ ٹیسٹ دینے کے دوران دِل کا دورہ پڑنے سے اللہ کو پیاری ہو گئی۔ یہ واقعہ مشرقی صوبے کے دارالحکومت دمام میں پیش آیا جب ایک مقامی لڑکی جو ڈرائیونگ سیکھنے کی خواہش مند تھی، لائسنس حاصل کرنے لیے مطلوبہ ڈرائیونگ ٹیسٹ دینے کے لیے ڈرائیونگ اسکول آئی۔ مگر وہاں سے واپس زندہ نہ آ سکی۔

سعودی اخبار الیوم کے مطابق وفات پانے والی لڑکی قطیف کے Lincolnکالج سے اپنی تعلیم مکمل کر چکی تھی۔ وہ کچھ عرصہ سے دِل کے عارضہ میں مبتلاتھی۔ گزشتہ روز وہ لائسنس کے حصول کے لیے ڈرائیونگ ٹیسٹ دے رہی تھی کہ اچانک اس کے دِل میں شدید تکلیف اُٹھی۔ جس کے باعث اُس کی طبیعت بگڑ گئی۔ ڈرائیونگ اسکول کے عملے نے لڑکی کی حالت بگڑتے دیکھ کر فوری طور پر سعودی ہلال احمر سے رابطہ کیا۔

(جاری ہے)

طبی امداد کے کارکنوں نے فوری طور پر اسکول پہنچ کر لڑکی کو ہنگامی طبی امداد دی، مگر وہ جانبر نہ ہو سکی اور ہسپتال لے جائے جانے سے قبل ہی دُنیا سے رخصت ہو گئی۔ واضح رہے کہ چند روز قبل سعودی عرب میں ایک انتہائی افسوس ناک حادثہ پیش آیا تھا جس کے نتیجے میں ایک ننھا بچہ جاں بحق ہو گیا جبکہ اُس کا والد شدید زخمی ہو کر ہسپتال پہنچ گیا جہاں اُس کی حالت تشویش ناک بتائی جا رہی ہے۔

یہ واقعہ بیش کمشنری میں پیش آیا جہاں ساحلِ سمندر پر ایک خاتون ڈرائیونگ میں مہارت حاصل کرنے کی خاطر اپنے خاوند اور شیر خوار بچے کے ساتھ آئی ۔سعودی خاتون گاڑی چلا رہی تھی جب اچانک ناتجربہ کار ہونے کے باعث گاڑی اُس سے قابو سے باہر ہو گئی اور وہیں قریب ہی موجود اُس کے خاوند اور ننھے بچے پر چڑھ دوڑی۔ جس کے نتیجے میں خاتون کا بچہ موقع پر ہی جاں بحق ہو گیا جبکہ اُس کا شوہر شدید زخمی ہو گیا، جسے تشویش ناک حالت میں ہسپتال پہنچا دیا گیا ہے۔

سعودی ہلال احمر کے مطابق اس واقعے کی اطلاع ملتے ہی طبی امداد کے ٹیمیں فوری طور پر موقع پر روانہ کر دی گئیں۔ تاہم جائے حادثہ پر پہنچنے کے بعد پتا چلا کہ شیر خوار بچہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے موقع پر ہی اللہ کو پیارا ہو چکا تھا جبکہ خاتون کا خاوند شدید زخمی حالت میں زمین پر پڑا ہوا تھا۔ جسے ہسپتال پہنچایا گیا مگر وہاں اُس کی حالت نازک بتائی جا رہی ہے۔

ڈاکٹروں کی جانب سے زخمی شخص کی جان بچانے کی بھرپور کوشش کی جا رہی ہے۔ حادثے کی ذمہ دار خاتون نے بتایا کہ وہ اپنے خاوند اور بچے کے ساتھ تفریح کی غرض سے بیش کے ساحلِ سمندر پر آئی تھی۔ جہاں اُس نے اپنے خاوند سے ڈرائیونگ سیکھنے کی فرمائش کی جس پر خاوند نے گاڑی اُس کے حوالے کر دی اور خود پاس ہی کھڑا ہو کر اپنی بیوی کی ڈرائیونگ دیکھنے لگا۔ اسی دوران گاڑی سعودی خاتون کے قابو سے باہر ہو کر خاوند اور اس کے پاس موجود بچے پر چڑھ دوڑی اور انہیں کچلتی ہوئی کئی فٹ دُور لے گئی۔ جس کے باعث یہ اندوہناک سانحہ پیش آیا۔

الدمام میں شائع ہونے والی مزید خبریں