دمام کے سینما گھر میں آگ لگ گئی

پلازے میں موجود سینما ہال میں آتش زدگی سے لوگوں میں بھگدڑ مچ گئی

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعرات 20 فروری 2020 10:39

دمام کے سینما گھر میں آگ لگ گئی
دمام(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔20فروری 2020ء) سعودی عرب کے مشرقی صوبہ کے دارالحکومت دمام کے ایک سینما میں اچانک آگ بھڑک اُٹھی، جس کے باعث لوگوں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ سبق نیوز کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ دمام کے ایک مشہور تجارتی پلازہ العداامہ میں ایک سینما ہال زیر تعمیر تھا۔ جہاں اچانک نامعلوم وجوہات کی بناء پر آگ بھڑک اُٹھی۔ جس کے باعث پلازے اور اس کے ساتھ ملحق ایک ہوٹل میں شدید دھواں بھر گیا اور لوگوں کو سانس لینے میں شدید دُشواری کا سامنا کرنا پڑا۔

جس کے باعث لوگوں نے پلازے اور ہوٹل سے باہر آ کر اپنی جانیں بچائیں۔ اس حوالے سے شہری دفاع کے ترجمان کرنل عبدالھادی الشھرانی نے بتایا ہے کہ آتشزدگی کی اطلاع ملتے ہی فوری طور پر فائر بریگیڈاور ایمبولینسز موقع پر روانہ کر دی گئیں۔

(جاری ہے)

آگ اتنی زیادہ بڑھ چکی تھی کہ پلازے سے اُٹھنے والا دھواں کئی کلومیٹر کی دُوری سے بھی دکھائی دے رہا تھا۔

دھواں بھر جانے کے باعث 15 افراد کی حالت خراب ہو گئی تھی جنہیں فوری طور پر ابتدائی طبی امداد دینے کے بعد ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ اس آتش زدگی سے سینما ہال کی دو منازل متاثر ہوئیں۔ شہری دفاع کے مطابق 219 افراد کو دھوئیں سے بھر جانے والی جگہوں سے نکال کر محفوظ مقام پر منتقل کر دیا۔ تحقیقاتی ٹیموں نے آتش زدگی کے محرکات جاننے کے لیے تفتیش شروع کر دی ہے۔

واضح رہے کہ چند روز قبل کنگ فہد روڈ پر واقع ایک کثیر منزلہ ٹاور میں آتش زدگی کا واقعہ پیش آیا تھا۔ شہری دفاع محکمہ کے مطابق ریاض کے کنگ فہد روڈ پر ایک ٹاور میں آگ لگنے کی اطلاع ملتے ہی ٹیمیں جائے وقوعہ پر روانہ کر دی گئی تھیں۔ اس آگ عمارت کوکافی نقصان پہنچا ہے۔ تاہم خوش قسمتی سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ آتش زدگی کے اسباب جاننے کے لیے تحقیقات کی جا رہی ہیں۔

واضح رہے کہ واضح رہے کہ گزشتہ ماہ کے دوران ہی جدہ کے مصروف کاروباری علاقے العزیزیہ میں بھی ایک الیکٹرک مارکیٹ کی ایک دُکان میں آگ بھڑک اُٹھی۔ یہ آگ اتنی شدید تھی کہ اس نے دیکھتے ہی دیکھتے آس پاس کی دُکانوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ جس کے باعث دُکاندار اور سامان خریدنے آنے افراد بھی اپنی جانیں بچانے کے لیے وہاں سے بھاگ کھڑے ہوئے۔

الیکٹرک اشیاء کی خرید و فروخت کے لیے مشہور مارکیٹ’سوق الغراب‘ العزیزیہ کے علاقے کی شارع بلدیہ پر واقع ہے۔ جہاں گزشتہ روز سوا تین بجے سہ پہر کو اچانک آگ بھڑک اُٹھی۔ شہری دفاع کے ترجمان کرنل محمد بن عثمان القرنی نے بتایا کہ آتش زدگی کی اطلاع ملتے ہی فوری طور پر فائر بریگیڈ کا عملہ اور دیگر امدادی ٹیمیں جائے حادثہ پر روانہ کر دی گئیں۔

آگ بُجھانے کے مستعد عملے نے فوری طور پر آگ بجھانے کے لیے کارروائی شروع کر دی جس کے باعث آگ کو مزید پھیلنے سے روک دیا گیا تاہم آگ کی شدت اتنی زیادہ تھی کہ اسے مکمل طور پر بُجھانے میں کئی گھنٹے لگ گئے۔ آخر کار کئی گھنٹوں کی محنت کے بعد آگ پر قابو پا لیا گیا۔ خوش قسمتی سے اس واقعے میں کسی قسم کا کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ بظاہر یہ آگ شارٹ سرکٹ کا نتیجہ لگتی تھی۔

الدمام میں شائع ہونے والی مزید خبریں