سعودیہ سے غیرقانونی طور پر رقم بیرون ملک بھیجنے والے 5 افراد پکڑے گئے

گرفتار کیے گئے ملزمان 6 لاکھ 66 ہزار300 ریال بیرون ملک بھیجنے کی کوشش کر رہے تھے

Sajid Ali ساجد علی بدھ 9 فروری 2022 16:24

سعودیہ سے غیرقانونی طور پر رقم بیرون ملک بھیجنے والے 5 افراد پکڑے گئے
دمام ( اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 09 فروری 2022ء ) سعودی عرب سے غیرقانونی طور پر رقم بیرون ملک بھیجنے والے 5 افراد پکڑے گئے ۔ عرب میڈیا سے معلوم ہوا ہے کہ دمام پولیس نے غیر قانونی طریقے سے رقم بیرون ملک بھیجنے کی کوشش کرنے والے 5 افراد کو گرفتار کیا ہے ، گرفتار کیے گئے افراد 6 لاکھ 66 ہزار300 ریال بیرون ملک بھیجنے کی کوشش کر رہے تھے۔ سعودی پریس ایجنسی کے مطابق گرفتار کیے گئے افراد میں ناصرف بنگلہ دیشی اور بھارتی تارکین وطن شامل ہیں بلکہ ایک سعودی شہری بھی اس جرم میں ان کے ساتھ ملا ہوا تھا ، تارکین نے نامعلوم ذرائع سے رقوم جمع کیں جن کو سعودی شہری نے رقم بیرون ملک بھیجنے کے لیے اپنا اکاؤنٹ استعمال کرنے کی سہولت فراہم کی ہوئی تھی۔

ادھر متحدہ عرب امارات میں 6 حوالہ آپریٹرز پکڑے گئے‘ جن کو لاکھوں درہم جرمانہ کردیا گیا ، متحدہ عرب امارات کے مرکزی بینک نے ملک کے انسداد منی لانڈرنگ اور دہشت گردی اور غیر قانونی تنظیموں کی مالی اعانت کے قوانین کی خلاف ورزی کرنے پر 6 حوالہ آپریٹرز پر 3 لاکھ 50 ہزار درہم جرمانہ عائد کیا ہے ، حوالہ فراہم کرنے والوں کو ریگولیٹر کے رپورٹنگ سسٹم پر وقت پر اندراج نہ کرنے پر جرمانہ کیا گیا ، سنٹرل بینک نے ہر ایک پر 50 ہزار درہم کی مالیاتی سزا عائد کی ، جس میں اسی نوعیت کی پیشگی خلاف ورزی کے ساتھ ایک حوالہ فراہم کنندہ پر دگنا جرمانہ کیا گیا ۔

(جاری ہے)

ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ مرکزی بینک نے UAE میں کام کرنے والے تمام رجسٹرڈ حوالہ فراہم کنندگان کو GoAML سسٹم پر رجسٹر کرنے کے لیے کافی وقت دیا ، جنہیں مطلع کیا گیا تھا کہ مزید تاخیر کے نتیجے میں AML/CFT قانون کے تحت جرمانے ہوں گے۔ واضح رہے کہ حوالہ رقم کی منتقلی کا ایک روایتی نظام ہے جس کے تحت رقم ایک ایجنٹ کو ادا کی جاتی ہے جو متعلقہ ملک یا علاقے میں کسی ساتھی کو حتمی وصول کنندہ کو ادائیگی کرنے کی ہدایت کرتا ہے ، ان ٹرانزیکشنز کے نتیجے میں کوئی ریکارڈ برقرار نہیں رکھا جاتا ، لہذا فنڈز کو منی لانڈرنگ اور دہشت گردی کی مالی معاونت کے لیے غلط استعمال کیا جا سکتا ہے۔

الدمام میں شائع ہونے والی مزید خبریں