جدہ: عنقریب سعودیوں اور غیر مُلکیوں کو ساڑھے تین لاکھ نوکریاں دی جائیں گی

خوراک‘ تجارت‘ تعمیرات‘ صنعت اور تفریح کے شعبوں میں بھرتیاں ہوں گی

Muhammad Irfan محمد عرفان منگل 17 جولائی 2018 15:07

جدہ: عنقریب سعودیوں اور غیر مُلکیوں کو ساڑھے تین لاکھ نوکریاں دی جائیں گی
جدہ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔17 جُولائی 2018) سعودی عرب کے سرکاری شماریاتی ادارے نے اعلان کیا ہے کہ مستقبل قریب میں سعودی باشندوں اور غیر مُلکیوں کے لیے ساڑھے تین لاکھ نوکریاں دستیاب ہوں گی۔خوراک‘ کمرشل اور ہاؤسنگ سیکٹرز میں غیر مُلکیوں کے لیے 67,000جبکہ سعودیوں کے لیے 38,000 نوکریاں مہیا کی جائیں گی۔ انڈسٹریل سیکٹر میں سعودیوں کے لیے تئیس ہزار اور غیر مُلکیوں کے لیے بتیس ہزار ملازمتیں دستیاب ہوں گی۔

کنسٹرکشن کی صنعت میں گیارہ ہزار سعودیوں اور تریپن ہزار پردیسیوں کو ملازمتیں دی جائے گی۔ تفریحی شعبے میں مقامی اور غیر مُلکی افراد دونوں کو مساوی طور پر 750‘ 750 نوکریوں سے نوازا جائے گا۔ سال 2017ء میں سعودی مردوں کی اوسط ماہانہ تنخواہ 8,388 ریال جبکہ سعودی خواتین کی اوسط ماہانہ تنخواہ 4,939 ریکارڈ کی گئی اس کے مقابلے میں غیر مُلکی مردوں کی ماہانہ تنخواہ 2,679ریال جبکہ غیر مُلکی خواتین کی 4,737 رہی۔

(جاری ہے)

سال 2018ء کی پہلی سہ ماہی کے دوران سعودی خواتین میں بے روزگاری کی شرح 30.9 فیصد نوٹ کی گئی جبکہ 2017ء کی پہلی سہ ماہی کے دوران یہ شرح 31 فیصد تھی۔ سعودی کمپنیوں کا مُلک کی جی ڈی پی میں حصّہ 41.86 سے بڑھ کر 41.89 ہو گیا۔ شماریارتی ادارے کی رپورٹ کے مطابق 2018ء کی پہلی سہ ماہی کے دوران سعودی بے روزگار مردوں کی شرح بڑھ کر 7.6 ہو گئی۔ جبکہ 2017ء کی پہلی سہ ماہی میں سعودی مردوں میں شرح بے روزگاری 6.1 فیصد ریکارڈ کی گئی تھی۔

پچھلے پندرہ سالوں کے دوران سعودی مرد و خواتین میں بے روزگاری کی شرح 12.9 فیصد تھی۔ 2018ء کی پہلی سہ ماہی کے دوران ملازمت کے متلاشی سعودیوں کی گنتی دس لاکھ ستّر ہزار پر پہنچ گئی ۔ یہ شرح مردوں میں 16.1 فیصد اور خواتین میں 83.9 فیصد بنتی ہے۔ جبکہ 2017ء کے ابتدائی مہینوں میں ملازمت کے متلاشی افراد کی گنتی دس لاکھ اسّی ہزار نوٹ کی گئی تھی۔

جدہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں