جدہ:ایک اور سعودی خاتون کی گاڑی نذرِ آتش

واقعہ جدہ کے علاقے مشریفہ میں پیش آیا

Muhammad Irfan محمد عرفان ہفتہ 22 دسمبر 2018 14:17

جدہ:ایک اور سعودی خاتون کی گاڑی نذرِ آتش
جدہ(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔22 دسمبر2018ء) مشریفہ ضلع میں ایک سعودی خاتون کی گاڑی کو جلا کر راکھ بنانے کا واقعہ پیش آیا ہے۔کار کی مالکن نُورہاں بسام کے وہم و گمان میں بھی نہیں تھا کہ کوئی اس کے ساتھ ایسا کر سکتا ہے۔ نُورہاں کی گاڑی گھر کے باہر کھڑی تھی جب اُسے کسی شرپسند نے آگ لگا دی۔ نُورہاں نے بتایا کہ اُس نے 2016 ماڈل کی یہ گاڑی دو مہینے قبل خریدی تھی۔

بسام نے بتایا کہ رات کے وقت کسی ہمسائے نے زور زور سے اُس کے گھر کا دروازہ کھٹکھٹایا۔ اُس اس غیر معمولی دستک پر بہت غصّہ آیا مگر جب باہر دروازہ کھولا تو ہمسائے نے بتایا کہ کسی نے اُس کی باہر کھڑی گاڑی کو آگ لگا دی ہے۔ جس پر خاتون نے فوری طور سول ڈیفنس کی ہیلپ لائن کو اطلاع دی۔ سول ڈیفنس اہلکاروں نے پہنچ کر آگ بُجھا دی تاہم اُس وقت تک کار پُوری طرح جل چُکی تھی۔

(جاری ہے)

اس شرپسندی کا نشانہ بننے والی کار کی مالکہ کا کہنا تھا کہ اُن کی پُوری گلی لائٹس سے روشن ہوتی تھی جبکہ اُن کا گھر بھی ٹریفک پولیس اسٹیشن اور الاتحاد سپورٹس کلب جیسے اہم اداروں کے قریب میں واقع تھا، پھر بھی اس طرح کی تخریبی حرکت کا ہونا حیران کُن ہے۔ بسام نے بتایا ’’ میرے بچپن میں ہی والد کا انتقال ہو گیا تھا، میں اپنی ماں اور بہنوں کے ساتھ آنے جانے کے لیے اسی گاڑی پر انحصار کر رہی تھی۔

میں اپنے گھر کی واحد کفیل ہوں ۔ میں نے واقعے کے روز شام چھے بجے گاڑی گھر کے باہر کھڑی کی اور اس بات کی تسلّی کر لی کہ گاڑی کا انجن مکمل طور پر بند ہو چکا ہے۔ مجھے پُورا یقین ہے کہ گاڑی میں آگ کسی تکنیکی خرابی کی وجہ سے نہیں لگی بلکہ کسی مجرمانہ ذہنیت کے حامل فرد نے لگائی ہے۔ میں نے ایک کار ایجنسی کو دس روز قبل ہی گاڑی کا مکمل معائنہ کرایا تھا جس نے مجھے ہر لحاظ سے اوکے کی رپورٹ دی تھی۔

‘‘ جدہ پولیس کی جانب سے واقعے کی تحقیقات جاری ہیں ۔ واضح رہے کہ جُون 2018ء میں سعودی مملکت میں خواتین کو ڈرائیونگ کی اجازت ملنے کے بعد یہ اس نوعیت کا دُوسرا واقعہ ہے۔ پہلا واقعہ اگست 2018ء میں مکّہ کے نواحی علاقے جموم میں پیش آیا تھا جب ایک خاتون کے گھر کے باہر پارک گاڑی کو پٹرول چھڑک کر آگ لگا دی گئی تھی۔ اس مقدمے میں گرفتار دو نوجوانوں کو ناکافی ثبوت کی بناء پر رہا کر دیا گیا تھا جس پر سلمیٰ نامی خاتون نے اعلیٰ عدالت سے رجوع کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔

جدہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں