جدہ: بچے کے قتل پر ماں اور سوتیلے باپ کوقید کی سزا

اپیل کورٹ نے سزائے موت کو کم سزا میں بدل دیا

Muhammad Irfan محمد عرفان بدھ 26 دسمبر 2018 17:29

جدہ: بچے کے قتل پر ماں اور سوتیلے باپ کوقید کی سزا
جدہ (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔26 دسمبر 2018ء) جدہ کی عدالت نے ایک بچے کے قتل پر اُس کی ماں اور سوتیلے باپ کو جیل بھیج دیا ہے۔ استغاثہ کے مطابق مقتول بچہ خاتون کے پہلے خاوند سے تھا۔ خاتون نے اپنے خاوند کے ساتھ مل کر اپنے ہی بچے کو بے رحمی سے مار ڈالا۔ چھے سال کے بدنصیب بچے کی لاش پر زخموں کے بیس سے زائد نشان پائے گئے۔ جس سے ثابت ہوتا تھا کہ اُس پر اُس کی والدہ اور سوتیلے باپ نے بہیمانہ تشدد کر کے اُس کی زندگی کا چراغ گُل کیا ہے۔

استغاثہ کی جانب سے میاں بیوی پر فرسٹ ڈگری قتل کا الزام عائد کر کے اُن کے لیے سزائے موت کی سفارش کی گئی۔ابتدائی عدالت نے دونوں میاں بیوی کو سزائے موت سُنائی تھی۔ تاہم اس فیصلے کے خلاف اپیلٹ کورٹ سے رجوع کیا گیا تو جج نے سزاؤں میں نرمی کرتے ہوئے خاتون کی سزا سات سال جبکہ خاوند کی سزا نو سال تک محدود کر دی ۔

(جاری ہے)

اس حوالے سے وکیل کا کہنا تھا کہ خاتون نے اپنے پہلے خاوند سے طلاق کے بعد بچے کو اپنے پاس ہی رکھ لیا تھا کیونکہ بچے کا باپ اپنے بیٹے کی طرف سے انتہائی لاپرواہ تھا۔

اُس نے کبھی اپنے بچے کی خبر نہ لی تھی۔ پولیس کو اطلاع ملی تھی کہ ایک بچہ سخت مار پیٹ کے باعث جاں بحق ہو گیا ہے۔ جس پر تفتیش کا آغاز کیا گیا تو بچے کی ماں اور اُس کا خاوند اس قتل کے ذمہ دار پائے گئے۔ جج نے اس قتل کو قتلِ ارادی قرار دے کر سزائے موت سُنائی جو بعد میں کم سزا میں بدل دی گئی۔

جدہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں