جدہ:بچے سے جنسی چھیڑ چھاڑ پر غیر مُلکی کو سزا

ملزم کو قیدکے علاوہ سر عام کوڑوں اور ڈی پورٹ کی سزا بھی دی گئی ہے

Muhammad Irfan محمد عرفان پیر 31 دسمبر 2018 14:46

جدہ:بچے سے جنسی چھیڑ چھاڑ پر غیر مُلکی کو سزا
جدہ(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔31 دسمبر 2018ء) جدہ کی عدالت نے ایک عرب تارکِ وطن کو بچے کے ساتھ جنسی چھیڑ چھاڑ کرنے کے الزام میں ایک سال قید کی سزا سُنا دی ہے۔ ملزم کو قید کے دوران کوڑے بھی مارے جائیں گے جبکہ سزا کی مُدت پُوری ہونے کے فوراً بعد ڈی پورٹ کر دیا جائے گا۔ 30سالہ نوجوان نے ایک بچے کو کئی بار جنسی ہراسگی کا نشانہ بنایا۔ متاثرہ بچہ جس کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی، اُس نے عدالت کو بتایا کہ ملزم کی کریانے کی دُکان اُس کے گھر کے پاس ہی ہے۔

کئی بار نوجوان نے اُسے زبردستی دُکان کے اندر کھینچ کر لے جانے کی کوشش کی تاہم بچہ اُس کے چُنگل سے اپنا آپ چھُڑوا کر بھاگنے میں کامیاب ہو جاتا۔ بچے کے مطابق ایک بار نوجوان نے اُسے دُکان کے اندر آنے کے لیے پیسوں کی آفر کی، جبکہ اکثر اُسے زبردستی اندر لے جانے کی بھی کوشش کی۔

(جاری ہے)

بچے نے نوجوان کی شرمناک حرکات کے بارے میں والد کو بتایا جس نے مقامی پولیس تھانے میں شکایت درج کرا دی۔

عدالت میں مُلزم نے اپنے خلاف استغاثہ کی جانب سے عائد الزامات کو غلط قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ اُس کا کوئی غلط ارادہ نہیں تھا وہ تو بس اُسے گرمی کی شدت سے بچانے کی خاطر دُکان کے اندر بُلاتا تھا۔ دُوسرے اُسے یہ بھی ڈر ہوتا تھا کہ گلی سُنسان ہونے کے باعث بچے کے ساتھ کچھ غلط نہ ہوجائے۔ عدالت نے پیش کیے گئے شواہد کی بناء پر ملزم کو بچے کو جنسی ہراسگی کا نشانہ بنانے کے الزام میں سزا سُنا دی۔

سعودی قانون کے تحت اگر کوئی شخص بچے بچی کو جنسی ہراسگی کا نشانہ بناتا ہے تو ایسی صورت میں اُسے دو سال قید کی سزا کے علاوہ ایک لاکھ سعودی ریال کا جرمانہ بھی بھُگتنا ہو گا۔ تاہم اگر کوئی شخص دُوسری بار اس جُرم کا ارتکاب کرتا ہے تو اُسے پانچ سال قید کی سزا اور تین لاکھ ریال کا جرمانہ بھرنا ہو گا۔

جدہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں