سعودی خاتون ایک ہی وقت میں ماں اور بیوہ بن گئی

خاتون نے بیٹی کی پیدائش اور خاوند کی وفات کے سرٹیفکیٹس ایک ہی روز وصول کیے

Muhammad Irfan محمد عرفان بدھ 2 جنوری 2019 13:37

سعودی خاتون ایک ہی وقت میں ماں اور بیوہ بن گئی
جدہ(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔2 جنوری 2019ء) اُم لُطین ایک ایسی خاتون ہے جس کے ساتھ قسمت نے ایسا ہولناک مذاق کیا ہے جو شاید کسی اور کے ساتھ نہ ہوا ہو۔ اُم لطین کو زندگی کی سب سے بڑی خوشی اور سب سے بڑا غم ایک ہی دِن میں نصیب ہو گئے۔ 4 نومبر 2018ء (26 صفر ،1439ھ) اُمِ لطین کی زندگی کا ایک ناقابلِ فراموش دِن ہے۔ مقامی اخبار کے مطابق اُمِ لُطین اور اُس کا خاوند خوشگوار زندگی بسر کر رہے تھے۔

دونوں کے ہاں بچے کی ولادت متوقع تھی ، جس کے لیے اُنہوں نے آنکھوں میں لاکھوں خواب سجا رکھے تھے۔ تاہم اُمِ لُطین کی زچگی سے چند روز قبل اُس کا خاوند ایک خوفناک ٹریفک حادثے کا شکار ہو کر شدید زخمی حالت میں ہسپتال جا پہنچا۔ ڈاکٹروں نے اُمِ لطین کو بتایا کہ اُس کا بدقسمت خاوند دماغی طور پر مُردہ ہو چکا ہے، اُس کے بچنے کی کوئی اُمید نہیں ہے۔

(جاری ہے)

4 نومبر کو اُمِ لُطین بچی کو جنم دینے کی خاطر ہسپتال جا پہنچی۔ آپریشن کے بعد اُسے ہسپتال کے عملے نے ایک پیاری سی بچی کی ماں بننے کی خوش خبری سُنائی۔ ابھی وہ اس خوشی کو منا بھی نہیں پائی تھی کہ اُس کے گھر والوں نے اُسے یہ دِل سوز خبر دی کہ اُس کا ہسپتال میں زیرِ علاج خاوند خالقِ حقیقی سے جا مِلا ہے۔ خاتون کی آنکھیں پتھرا گئیں۔ پہلے تو اُسے خاوند کی وفات کا یقین نہ آیا ، مگر جب اُس کے دیور نے اُسے خاوند کی وفات کا سرٹیفکیٹ تھمایا تو وہ پھُوٹ پھُوٹ کر رو پڑی۔

کیونکہ چند لمحوں قبل ہی اُسے بچی کی پیدائش کا سرٹیفکیٹ دیا گیا تھا۔ قُدرت اُس کے ساتھ اتنا بڑا مذاق کر سکتی تھی، وہ یقین کرنے کو تیار نہ تھی۔ اُمِ لطین جو ماسٹرز ڈگری کی حامل ہے۔ اُس نے بتایا کہ اُس کے مرحوم خاوند کو فوجی سروس سے برخاست کر دیا گیا تھا، اسی وجہ سے وہ سوشل انشورنس پینشن حاصل کرنے کی بھی مجاز نہیں ہے۔ اپنے جواں سال خاوند کی موت سے اندرونی طور پر ٹُوٹ پھُوٹ گئی اُمِ لطین پھر سے اپنی کرچی کرچی زندگی اوربکھرے حوصلے کو مجتمع کرنے پر جُٹ گئی ہے۔

اُس نے فیصلہ کیا ہے کہ وہ حالات کے تھپیڑوں کا مقابلہ کرنے کے ساتھ ساتھ اپنے پی ایچ ڈی کی ڈگری حاصل کرنے کے دیرینہ خواب کو بھی پُورا کرے گی۔ سوشل میڈیا پر اُمِ لُطین کی کہانی وائرل ہونے کے بعد ہر کسی نے اُس سے دُکھ اور ہمدردی کا اظہار کیا ہے اور اُس کے حوصلے کو شاندار الفاظ میں سراہا ہے۔

جدہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں