سعودی مملکت میں حج و عمرہ سروسز مینجمنٹ ڈپلومہ پروگرام کا اجراء

یہ ڈپلومہ پروگرام شاہ عبدالعزیز یونیورسٹی کی جانب سے شروع کیا گیا ہے

Muhammad Irfan محمد عرفان بدھ 2 جنوری 2019 16:43

سعودی مملکت میں حج و عمرہ سروسز مینجمنٹ ڈپلومہ پروگرام کا اجراء
جدہ(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔2 جنوری2019) سعودی عرب میں ہر سال لاکھوں افراد عمرے اور حج کی سعادت حاصل کرنے کے لیے دُنیا بھر سے تشریف لاتے ہیں۔ ان لوگوں کے قیام و طعام، زیارت اور سفری سہولتوں کا انتظام کرنا خاصا مشکل اور محنت طلب کام ہوتا ہے۔ اسی بات کو مدنظر رکھتے ہوئے جدہ کی مشہور شاہ عبدالعزیز یونیورسٹی کی فیکلٹی آف ٹور ازم کی جانب سے حج و عمرہ سروسز مینجمنٹ ڈپلومہ پروگرام متعارف کرایا گیا ہے۔

یہ اپنی نوعیت کا مملکت بھر میں پہلا تدریسی ڈپلومہ ہے۔ فیکلٹی کے مطابق یہ ڈپلومہ ضیوف الرحمن یعنی حاجیوں اور معتمرین کی خدمت میں مزید بہتری لانے کی خاطر سعودی وژن 2030ء کا حصّہ ہے۔ یہ حج و عمرہ ڈپلومہ پروگرام سرکاری اور پرائیویٹ حج اداروں کی ضروریات پُورا کرنے کی خاطر ترتیب دیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

اس پروگرام کے تحت حج و عمرہ خدام کو جدید طرز کی فنی تربیت دی جائے گی۔

جس میں لاجسٹک ادارے ، کھانے پینے کی اشیاء کی فراہمی، ضیوف الرحمن کی سلامتی اور نظم و ضبط قائم رکھنے سے متعلق سکھلائی ہو گی۔اس ڈپلومہ پروگرام میں سعودی اور بین الاقوامی ٹرینرز حج و عمرہ خدام کو تربیت دینگے۔ سیاحتی کمپنیاں نئے ملازمین کی تقرری کے وقت اس ڈپلومہ کے حامل افراد کو ترجیح دیں گی۔ واضح رہے کہ رواں عمرہ سیزن کے آغاز سے لے کر 13 ربیع الثانی 1440ھ تک 22 لاکھ 82 بیاسی ہزار ایک سو بہتر فرزندانِ توحید کو ویزے جاری ہو چکے ہیں۔

جن میں 13 لاکھ 93 ہزار چار سو اکیانوے معتمرین عمرے کی سعادت کے بعد مملکت سے واپس جا چکے ہیں۔ اس وقت مملکت میں نو لاکھ تینتیس ہزار تین سو پچانوے معمتر موجود ہیں جن میں سے اس وقت دو لاکھ تیس ہزار دو سو اٹھہتر مکّہ میں قیام کیے ہوئے ہیں جبکہ سات لاکھ تین ہزار ایک سو سترہ مدینہ منورہ کے مقدس مقامات کی زیارت کر رہے ہیں۔وزارت حج و عمرہ کے مطابق اس بار سب سے زیادہ عمرہ زائرین پاکستان سے آئے ہیں جن کی گنتی 7 لاکھ 65 ہزار پانچ سو دس ہے۔

وزارت حج کے مطابق رواں سال معتمرین کی تعداد گزشتہ سال کے مقابلے میں خاصی زیادہ ہے۔ زائرین نے اس موقع پر خادمین حرمین شریفین کی جانب سے زائرین کے لیے قیام و طعام اور سفری انتظامات کو بہت عمدہ قرار دیا۔ اس کے علاوہ حرمین ٹرین کے منصوبے کو مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ کے مابین سفر آرام دہ بنانے کے لیے انقلابی اقدام ٹھہرایا ہے۔معتمرین کی آمد کا سلسلہ جاری ہے۔ وزارت کی جانب سے کسی پریشانی یا شکایت کی صورت میں حرمین میں قائم شدہ وزارت حج و عمرہ کے ذیلی دفاتر میں موجود اہلکاروں سے رابطہ کیا جا سکتا ہے، جہاں درجنوں زبانوں کے جاننے والے افراد زائرین کی پریشانی کا ازالہ کرنے کے لیے موجود ہیں۔

جدہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں