جدہ: عمرہ کی سعادت حاصل کرنے والوں میں پاکستانی سرفہرست

اب تک دُنیا بھر سے 25 لاکھ سے زائد افراد کوعمرہ ویزے جاری کیے جا چکے ہیں

Muhammad Irfan محمد عرفان ہفتہ 5 جنوری 2019 11:14

جدہ: عمرہ کی سعادت حاصل کرنے والوں میں پاکستانی سرفہرست
جدہ(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔5 جنوری 2019ء) وزارت حج و عمرہ کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ رواں عمرہ سیزن کے آغاز سے لے کر 27 ربیع الثانی 1440ھ تک 25 لاکھ 55 ہزاردو سو ایک فرزندانِ توحید کو ویزے جاری ہو چکے ہیں۔ جن میں 21 لاکھ 83 ہزار اکتیس معتمرین عمرے کی سعادت حاصل کرنے مملکت آ چکے ہیں۔ان میں سے 17لاکھ 74 ہزار چار سو بیس افراد عمرہ اور زیارت سے فارغ ہو کر وطن سدھار چکے ہیں۔

جبکہ 4 لاکھ 8ہزارچھ سو گیارہ ابھی تک مملکت میں ہی موجود ہیں۔ وزارت حج و عمرہ کے مطابق اس بار سب سے زیادہ عمرہ زائرین پاکستان سے آئے ہیں جن کی گنتی 9 لاکھ کے لگ بھگ ہو چکی ہے۔ اس کے بعد انڈونیشیا کا نمبر ہے جہاں سے آنے والوں کی گنتی 7 لاکھ ریکارڈ کی گئی ہے۔ تیسرے نمبر پر بھارت ہے جس کے بعد ملائیشیا، یمن، الجزائر، ترکی، بنگلہ دیش، امارات اور مصر کے معتمرین کا نمبر ہے۔

(جاری ہے)

وزارت حج کے مطابق رواں سال معتمرین کی تعداد گزشتہ سال کے مقابلے میں خاصی زیادہ ہے۔ زائرین نے اس موقع پر خادمین حرمین شریفین کی جانب سے زائرین کے لیے قیام و طعام اور سفری انتظامات کو بہت عمدہ قرار دیا۔ اس کے علاوہ حرمین ٹرین کے منصوبے کو مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ کے مابین سفر آرام دہ بنانے کے لیے انقلابی اقدام ٹھہرایا ہے۔معتمرین کی آمد کا سلسلہ جاری ہے۔ وزارت کی جانب سے کسی پریشانی یا شکایت کی صورت میں حرمین میں قائم شدہ وزارت حج و عمرہ کے ذیلی دفاتر میں موجود اہلکاروں سے رابطہ کیا جا سکتا ہے، جہاں درجنوں زبانوں کے جاننے والے افراد زائرین کی پریشانی کا ازالہ کرنے کے لیے موجود ہیں۔

جدہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں