جدہ: حرمین ٹرین کے نظام الاوقات میں کل سے تبدیلی ہو جائے گی

ٹرین انتظامیہ کی جانب سے نیا نظام الاوقات جاری

Muhammad Irfan محمد عرفان بدھ جنوری 13:53

جدہ: حرمین ٹرین کے نظام الاوقات میں کل سے تبدیلی ہو جائے گی
جدہ(اْردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔9جنوری2019ء ) سعودی مملکت کی سب سے جدید ریلوے سروس حرمین ٹرین کی انتظامیہ کی جانب سے اعلان کیا گیا ہے کہ 10 جنوری 2019ء سے ٹرین کے نظام الاوقات میں تبدیلی کی جا رہی ہے۔ انتظامیہ کے آفیشل ٹویٹر اکاؤنٹ پر اطلاع دی گئی ہے کہ پہلی ٹرین مکّہ سے صبح 8 بجے روانہ ہو گی اور11 بج کر 5 منٹ پر مدینہ منورہ پہنچے گی۔ دُوسری ٹرین دوپہر 12 بجے مکّہ سے چلے گی اور 3 بج کر 2 منٹ پر مدینہ منورہ پہنچے گی۔

تیسری ٹرین سہ پہر سوا تین بجے مکہ سے چلے گی اور 6 بج کر 17 منٹ پر مدینہ منورہ کے اسٹیشن پر موجود ہو گی۔ چوتھی ٹرین شام کو 7 بجے مکّہ سے روانہ ہو کر رات 10 بج کر 5 منٹ پر مدینہ پہنچ جائے گی۔ واضح رہے کہ مکّہ ، مدینہ اور جدہ کو ملانے والی شاندار حرمین ٹرین کی سروس کا آغاز 11 اکتوبر 2018ء کو کیا گیا تھا۔

(جاری ہے)

حرمین ٹرین کی مکہ سے مدینہ تک کے لیے اکانومی کلاس ٹکٹ کی قیمت 75 ریال، مکّہ سے جدہ تک 20 ریال، جبکہ جدہ سے مدینہ کے لیے 63 ریال مقرر کی گئی ہے۔

اس ٹرین میں دو برس تک کی عمر کے بچوں کے لیے نشستیں مخصوص نہیں کی گئیں، وہ اپنے والدین اور رشتہ داروں کی گود میں بیٹھ کر سفر کر سکتے ہیں۔ جبکہ بچے اور نابالغ افراد اکیلے سفر نہیں کر سکتے، اُن کے ہمراہ کسی بالغ عزیز کا ہونا لازمی ہے۔ ہر ٹرین 13 بوگیوں پر مشتمل ہے۔ جن میں سے 4بوگیاں اکانومی کلاس جبکہ باقی 8 بزنس کلاس کے لیے مخصوص ہیں۔ نشستوں کی مجموعی تعداد 417 ہیں۔ جبکہ معذوروں کے لیے بھی کچھ نشستیں مخصوص کی گئی ہیں۔ ٹرین میں مسافروں کے لیے ریستوران کی سہولت بھی فراہم کی گئی ہے۔

جدہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں:

Your Thoughts and Comments