جدہ:رواں سیزن کے دوران26 لاکھ سے زائد ویزوں کا اجراء

عمرہ کی سعادت حاصل کرنے والوں میں پاکستانی ایک بار پھر سرفہرست

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعہ جنوری 12:59

جدہ:رواں سیزن کے دوران26 لاکھ سے زائد ویزوں کا اجراء
جدہ(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔11 جنوری 2019ء) وزارت حج و عمرہ کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ رواں عمرہ سیزن کے آغاز سے لے کر ربیع الثانی 1440ھ کے اختتام تک 26لاکھ 64 ہزار پانچ سو بتیس فرزندانِ توحید کو عمرہ ویزے جاری کیے جا چکے ہیں۔ جن میں سے 22 لاکھ 49 ہزار 964 افراد عمرہ کی سعادت سے فیض یاب ہو چکے ہیں۔ گزشتہ سال کے مقابلے میں محرم سے لے کر ربیع الثانی کے آخر تک عمرہ کی سعادت حاصل کرنے والوں کی تعداد میں 3.47 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

وزارت کے مطابق رواں18لاکھ سے زائد افراد عمرہ اور زیارت سے فارغ ہو کر وطن سدھار چکے ہیں۔ جبکہ 5 لاکھ افراد ابھی تک مملکت میں ہی موجود ہیں۔ وزارت حج و عمرہ کے مطابق اس بار سب سے زیادہ عمرہ زائرین پاکستان سے آئے ہیں جن کی گنتی 9 لاکھ سے تجاوز کر چکی ہے۔

(جاری ہے)

اس کے بعد انڈونیشیا کا نمبر ہے جہاں سے آنے والوں کی گنتی 7 لاکھ ریکارڈ کی گئی ہے۔ تیسرے نمبر پر بھارت ہے جس کے بعد ملائیشیا، یمن، الجزائر، ترکی، بنگلہ دیش، امارات اور مصر کے معتمرین کا نمبر ہے۔

وزارت حج کے مطابق رواں سال معتمرین کی تعداد گزشتہ سال کے مقابلے میں خاصی زیادہ ہے۔ زائرین نے اس موقع پر خادمین حرمین شریفین کی جانب سے زائرین کے لیے قیام و طعام اور سفری انتظامات کو بہت عمدہ قرار دیا۔ اس کے علاوہ حرمین ٹرین کے منصوبے کو مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ کے مابین سفر آرام دہ بنانے کے لیے انقلابی اقدام ٹھہرایا ہے۔معتمرین کی آمد کا سلسلہ جاری ہے۔ وزارت کی جانب سے کسی پریشانی یا شکایت کی صورت میں حرمین میں قائم شدہ وزارت حج و عمرہ کے ذیلی دفاتر میں موجود اہلکاروں سے رابطہ کیا جا سکتا ہے، جہاں درجنوں زبانوں کے جاننے والے افراد زائرین کی پریشانی کا ازالہ کرنے کے لیے موجود ہیں۔

جدہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں:

Your Thoughts and Comments