جدہ میں ٹرک اُلٹنے سے پاکستانی شدید زخمی ہو گیا

ہسپتال میں پاکستانی ملازم کی حالت نازک بتائی جا رہی ہے

Muhammad Irfan محمد عرفان منگل 5 فروری 2019 11:46

جدہ میں ٹرک اُلٹنے سے پاکستانی شدید زخمی ہو گیا
جدہ(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔5فروری 2019ء) جدہ کے علاقے عقبہ الملک فہد میں ایک خوفناک ٹریفک حادثہ پیش آیا ہے جس میں ایک ٹرک اُلٹ گیا۔ جس کے باعث ٹرک کا پاکستانی ڈرائیور اُس میں بُری طرح پھنس گیا۔ واقعے کے اطلاع ملنے پر شہری دفاع کے اہلکار موقع پر پہنچ گئے۔ جنہوں نے بتایا کہ ٹرک کے اُلٹنے سے وہ بُری طرح پچک گیا تھا۔ آخرکار ٹرک کی باڈی کو کاٹ کر پاکستانی کو باہر نکالا گیا۔

جسے وہاں موجود ہلال احمر کے عملے نے ابتدائی طبی امداد دے کر کنگ خالد ہسپتال منتقل کر دیا۔ پاکستانی کی حالت نازک بتائی جاتی ہے۔ اس کے جسم کی متعدد ہڈیاں بھی ٹُوٹ پھوٹ گئی ہیں۔ واضح رہے کہ اب سے چند روز قبل حائل کے علاقے میں ایک خوفناک ٹریفک حادثہ پیش آیا تھا۔ جس میں دو تیز رفتار گاڑیاں آمنے سامنے سے ٹکرانے کے بعد قلابازیاں کھاتی ہوئیں اْلٹ گئیں۔

(جاری ہے)

حادثے کی شدت اتنی زیادہ تھی کہ ان گاڑیوں میں موجود چار افراد موقع پر ہی ہلاک ہو گئے جبکہ ایک خاتون شدید زخمی ہوئی۔ امدادی اہلکاروں نے دیکھا کہ گاڑیوں میں موجود چند افراد تو ہلاک ہو چکے تھے، جبکہ ایک خاتون کی حالت انتہائی نازک تھی جسے فوری طور پر ابتدائی طبی امداد دے کر کنگ خالد اسپتال حائل منتقل کر دیا گیا جہاں اْس کا انتہائی نگہداشت کے وارڈ میں علاج جاری ہے۔

اس سے قبل قبل الساحل روڈ پر ایک خوفناک حادثہ پیش آیا ہے جس کے نتیجے میں 4 افراد زندگی سے محروم ہو گئے تھے ، جبکہ 6 کو شدید چوٹیں آئی تھیں۔ ایک عینی شاہد کے مطابق حادثہ اس قدر خوفناک تھاکہ گاڑیاں بُری طرح سے پچک گئی تھیں۔ اور سڑک پر خون ہی خون بکھرا دکھائی دیتا تھا۔ ان گاڑیوں میں سوار تمام افراد سعودی تھے۔

جدہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں