سعودی عرب میں گزشتہ سال ڈیوٹی کے دوران 47 افرادلقمۂ اجل بن گئے

نجی شعبے میں حادثات کے باعث معذور ہونے والوں کی تعداد 291 بتائی گئی ہے

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعہ 15 فروری 2019 14:19

سعودی عرب میں گزشتہ سال ڈیوٹی کے دوران 47 افرادلقمۂ اجل بن گئے
جدہ(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔15فروری 2019ء ) جنرل آرگنائزیشن فار سوشل انشورنس (GOSI)نے بتایا ہے کہ گزشتہ سال 2018ء میں نجی شعبے میں 47 افراد ڈیوٹی کے دوران حادثات کا شکار ہو کر زندگی سے محروم ہو گئے جبکہ ان دورانِ ڈیوٹی حادثات کے دوران زخمی اور معذور ہونے والوں کی گنتی 291 ریکارڈ کی گئی ہے۔ گزشتہ سال نجی شعبے میں کم از کم 112 خواتین ڈیوٹی کے دوران زخمی ہوئیں۔

یہ اعداد و شمار سوشل سیکیورٹی آرگنائزیشن کی جانب سے جاری کیے گئے ہیں۔ GOSI کے مطابق 2018ء میں دورانِ نجی شعبے کُل 7,167 افراد کو حادثات پیش آئے ۔ جن میں سے خواتین کو پیش آنے والے حادثات کا تناسب صرف 1.6 فیصد بنتا ہے۔ان حادثات کا شکار ہونے والی خواتین میں سے سعودی خواتین کی گنتی 60 ہے۔ جبکہ حادثات کا شکار ہونے والی غیر مُلکی خواتین کی گنتی 52 بتائی گئی ہے۔

(جاری ہے)

سعودی عرب میں نجی شعبے میں غیر مُلکی ملازمین کو سب سے زیادہ حادثات پیش آئے، ان غیر سعودی ملازمین کو پیش آنے والے واقعات کی تعداد 6,689 بتائی گئی ہے۔ جبکہ حادثات کا شکار بننے والے سعودی ملازمین کی گنتی 478 ریکارڈ کی گئی ہے۔ اس طرح سعودی ملازمین کو 6.6 فیصد حاد ثات پیش آئے۔ GOSI کے مطابق نجی شعبے میں حادثات کا شکار بننے والے چار ہزار ملازمین مختلف ہسپتالوں میں زیر علاج ہیں، جبکہ 2,289 صحت یاب ہونے کے بعد ہسپتالوں سے فارغ کر دیئے گئے۔ 291 افراد ایسے ہیں جن کی جان تو بچ گئی مگر وہ مختلف قسم کی معذوریوں کا شکار ہو گئے ہیں۔

جدہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں