نیوزی لینڈ: سفاک دہشت گرد کی گولی کا نشانہ بننے والا سعودی شہادت پا گیا

سعودی نژاد برطانوی محسن الحربی گزشتہ 25 برس سے نیوزی لینڈ میں مقیم تھا

Muhammad Irfan محمد عرفان ہفتہ 16 مارچ 2019 11:23

نیوزی لینڈ: سفاک دہشت گرد کی گولی کا نشانہ بننے والا سعودی شہادت پا گیا
جدہ(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔16مارچ 2019ء) نیوزی لینڈ میں گزشتہ روز ایک انسانیت کُش واردات انجام دی گئی۔ اس واردات کے دوران ایک آسٹریلوی شخص نے جدید آتشیں ہتھیاروں کی مدد سے نہتے نمازیوں پر فائرنگ کر کے نہ صرف اُنہیں شہید اور زخمی کیا بلکہ اس گھناؤنی واردات کی لائیو ویڈیو بنا کراُسے سوشل میڈیا پر نشر کرتا رہا۔نیوزی لینڈ میں واقع سعودی سفارت خانے کے ایک اہلکار کی جانب سے بتایا گیا ہی کہ سعودی نژاد برطانوی شہری محسن الحربی زخموں کی تاب نہ لا کر شہادت کا درجہ پا گیا۔

محسن گزشتہ پچیس برسوں سے نیوزی لینڈ میں مقیم تھا۔ اُس کی شہادت کے بعد اُس کی ایک تصویر بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی ہے جس میں وہ اپنی شہادت کی اُنگلی آسمان کی جانب اُٹھائے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔

(جاری ہے)

سعودی سفارت خانے کے اہلکار نے مزید بتایا کہ اس دہشت گردانہ حملے میں زخمی ہونے والے سعودیوں کی علاج اور دیکھ بھال کا خصوصی انتظام کیا گیا ہے اور اُن کے اہلِ خانہ کی تشویش اور پریشانی کو مٹانے کے لیے سعودی سفارت خانہ اُن کے شانہ بشانہ کھڑا ہے اور ہر طرح کا تعاون کیا جا رہا ہے۔

دُوسری جانب اس حملے میں زخمی ہونے والے ایک سعودی شہری اصیل الانصاری نے العربیہ چینل سے گفتگو کے دوران بتایا کہ حملہ جمعہ کے خطبہ کے دوران کیا گیا۔ الانصاری نے کہا کہ اُس نے فائرنگ کی آواز سُنتے ہی بھاگنے کی کوشش کی تاہم دروازے سے نکلتے وقت ایک گولی اُس کے پیر میں جا گھُسی، اور اُس نے لڑکھڑاتے قدموں کے ساتھ برابر والے مکان میں گھُس کر جان بچائی۔ الانصاری کی حالت اب تسلّی بخش بتائی جاتی ہے۔

جدہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں