جدہ میں ڈینگی بخار نے زور و شور سے سر اْٹھا لیا

عوام نے وبا کے پھیلاؤ کا ذمہ دار میونسپلٹی اور نیشنل واٹر کمپنی کو ٹھہرا دیا

Muhammad Irfan محمد عرفان پیر 18 مارچ 2019 12:47

جدہ میں ڈینگی بخار نے زور و شور سے سر اْٹھا لیا
جدہ(اْردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔18مارچ 2019ء ) جدہ کے بیشتر علاقوں میں ڈینگی بخار زور پکڑ چکا ہے۔ خصوصاً جنوبی جدہ کے ضلع الروابی کے بِن لادن پلاٹ اور حرمین ایکسپریس وے کے مغربی علاقوں کے مکینوں نے شکایت کی ہے کہ اْن کے علاقوں میں ڈینگی بخار تیزی سے پھیل رہا ہے جس کی سب سے بڑی وجہ یہاں کھڑے پانی کے جوہڑ ہیں۔ علاقہ مکینوں نے اس صورتِ حال کا ذمہ دار میونسپلٹی اور نیشنل واٹر کمپنی (NWC) کو ٹھہراتے ہوئے رونا رویا ہے کہ ان محکموں کے اہلکاروں کو متعدد بار کالز کر کے معاملے کی سنگینی سے آگاہ کیا گیا، پھر بھی کوئی ان کی جانب سے کوئی اقدام نہیں اْٹھایا گیا۔

رہائشیوں کے مطابق اس کھڑے پانی کے باعث سڑکوں پر اسفالٹ کی موٹی تہیں جم گئی ہیں جن سے کئی مقامات پر سڑک اْونچی نیچی ہو جانے پر ڈرائیورز اور راہگیروں کے لیے خطرات بڑھ گئے ہیں۔

(جاری ہے)

علاقے میں موجود نالے سے کئی مقامات پر یہ تعفن زدہ پانی رِس کر لوگوں کے گھروں میں آن پہنچا ہے۔ جس کے باعث بدبو کے علاوہ بیماریاں اور موذی حشرات بھی جنم لے رہے ہیں۔

میونسپلٹی کی نااہلی کے باعث کئی علاقوں میں سٹریٹ لائٹس کا بھی بندوبست نہیں ہے اور پْورا علاقہ مکمل اندھیرے میں ڈْوب جاتا ہے۔ علاقے میں موجود کئی پارک اب بچوں کے کھیلنے اور بڑوں کی سیر کے مقام کی بجائے کوڑا کرکٹ پھینکنے اور خراب گاڑیاں کھڑی کرنے کے کام آ رہے ہیں۔ رہائشیوں کے مطابق متعلقہ ادارے لگتا ہے بہرے ہو گئے ہیں، جو اْن کی متعدد بار کی شکایتوں اور منتوں کے باوجود اْن کی بات سْننے کو تیار نہیں ہیں۔

کئی لوگ پھسلن کے باعث گِر کر ہاتھ پیر بھی تْڑوا بیٹھے ہیں۔ کئی لوگوں کے گھروں میں پانی بھی نہیں آتا جس کے باعث وہ پانی خریدنے پر مجبور ہو چکے ہیں۔ علاقے میں موجود گندہ نالہ ڈینگی مچھروں کی آماجگاہ ہونے کے باعث مکینوں کے لیے بھاری خطرہ بن چکا ہے۔ اعلیٰ حکام کو اس ساری صورتِ حال کا نوٹس لینا چاہیے۔

جدہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں