قرآن کریم کی برکت سے بچہ دوا کے بغیر صحت یاب ہو گیا

قرآنی آیات کی بدولت شفا پانے والے بچے کی والدہ خود بھی ڈاکٹر ہیں

Muhammad Irfan محمد عرفان بدھ 20 مارچ 2019 12:00

قرآن کریم کی برکت سے بچہ دوا کے بغیر صحت یاب ہو گیا
جدہ(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔20مارچ 2019ء) قرآن کریم کی معجز بیانی شک سے بالاتر ہے۔ اللہ کے اس پاک کلام میں جہاں فصاحت و بلاغت کے بے کراں سمندر موجود ہیں، وہاں انسانی زندگی کے ہر معاملے میں یہ کتاب رہنمائی کا سرچشمہ ہے۔ دُنیا کی سب سے زیادہ حکمت و ہدایت سے بھرپور اس الہامی کتاب کے فضائل کا بیان کسی انسان کے بس کی بات نہیں۔ درحقیقت قرآن مجید میں انسان کی ہر روحانی اور جسمانی بیماری کے علاوہ دُنیاوی مسائل و مصائب کا حل بھی پوشیدہ ہے۔

کلامِ الٰہی کا ایک ایسا ہی معجزہ سعودی عرب میں بھی دیکھنے آیا جب ایک بچے کو قرآنی آیات نے ناقابل فہم بیماری سے نجات دِلا دی۔ لطف کی بات یہ ہے کہ بچے کی والدہ خود بھی ڈاکٹر ہیں۔ جدہ میں مقیم 48 سالہ سعودی خاتون ڈاکٹر مجد بطرش نے بتایا کہ وہ ایک ڈینٹسٹ ہیں اور مذہب کے پابند گھرانے سے تعلق رکھتی ہیں۔

(جاری ہے)

اُن کے والدین اور دادی نے بھی قرآن حفظ کر رکھا تھا۔

ڈاکٹر مجد کے مطابق ’’میرے بچے کو ایک عجیب و غریب بیماری لاحق ہو گئی، یہاں تک کہ ڈاکٹرز بھی اس پُراسرار مرض کی تشخیص میں ناکام رہے جس کے باعث اس کا مناسب علاج نہیں ہو پا رہا تھا۔ معالج بس اتنا کرتے تھے کہ بچے کو درد میں کمی لانے والی دوائیاں دے دیتے، تاہم انہوں نے یہ بھی بتا دیا تھا کہ مستقبل میں ان دواؤں کے بچے پر منفی اثرات مرتب ہو سکتے ہیں۔

جب بچے کو دوا سے کوئی فرق نہ پڑا، تو میں نے اپنے مضبوط مذہبی عقیدے کی بنیاد پر دوا کی بجائے دُعا پر انحصار کرنا شروع کر دیا۔ مجھے بہت سی قرآنی سُورتیں یاد تھیں اور یہ بھی جانتی ہوں کہ قرآن کریم میں ہر بیماری کے لیے مکمل شفاء پنہاں ہے۔ میں نے بیٹے کو دوا نہ دی بس قرآنی سُورتیں پڑھ پڑھ کر اُس پر پھُونکتی رہی۔ اور پھر وہ وقت بھی آ گیا جب میرا بچہ اللہ کے کرم سے مکمل صحت یاب ہو چکا ہے۔‘‘ بچے کی بغیر دوا صحت یابی کی اس کرامت نے ڈاکٹرز کو بھی حیران کر دیا ہے۔کسی نے ٹھیک کہا ہے، جہاں دوا نہ کرے وہاٰں دعا کام آئے۔

جدہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں