سعودی بہنیں پہاڑ کی چوٹی سر کرنے کے شوق میں مصیبت میں پھنس گئیں

دونوں بہنوں کی مدد کو آنے والے شہری دفاع کے دو اہلکار بھی ریسکیو آپریشن کے دوران زخمی ہو گئے

Muhammad Irfan محمد عرفان منگل 28 مئی 2019 11:15

سعودی بہنیں پہاڑ کی چوٹی سر کرنے کے شوق میں مصیبت میں پھنس گئیں
جدہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین،28 مئی 2019ء) سعودی عرب کی دو بہنوں کی جانب سے جازان میں واقع ایک اُونچے پہاڑ کی چوٹی سر کرنے کے جنون نے نہ صرف اُنہیں بلکہ اُن کی مدد کو آئے شہری دفاع کے اہلکاروں کو بھی مشکل میں ڈال دیا۔ تفصیلات کے مطابق جازان کے علاقے ابو عریش کے نزدیکی علاقے میں رہائش پذیر دو بہنیں اپنے خاندان کے ساتھ پہاڑ کی سیر کو آئیں۔

وہاں دونوں بہنوں نے آپس میں شرط لگا لی کہ جو اس پہاڑ کی چوٹی پر پہلے پہنچ گئی وہ نقد انعام کی حقدار ہو گی۔ ان دونوں بہنوں نے شرط لگاتے وقت یہ بھی نہ سوچا کہ پہاڑ کتنا بلند ہے اور اُسے سر کرنا کتنا جان جوکھوں کا کام ہے۔ بِنا سوچے سمجھے دونوں بہنیں چوٹی کی جانب دوڑ پڑیں۔ گھنٹے دو گھنٹے سے بھی زیادہ دیر تک اُوپر چڑھنے کے بعد اُن کی ہمت جواب دے گئی اور وہ پیاس اور شدت سے نڈھال ہو کر وہیں پر بیٹھ گئیں۔

(جاری ہے)

دونوں بہنیں اتنی اُوپر آ چکی تھیں کہ واپس زمین پر جانا بھی اُن کے لیے محال ہو چکا تھا۔ویسے بھی اُترائی کا راستہ خطرے سے بھرپور تھا۔ خوش قسمتی سے دونوں بہنوں کے پاس موبائل کی سہولت موجود تھی۔ انہوں نے نیچے موجود اپنے گھر والوں کو فون کر کے ساری صورتِ حال سے آگاہ کیا۔ جنہوں نے فوری طور پر شہری دفاع کے محکمے کو طلب کر لیا۔ شہری دفاع کے محکمے کے دو اہلکار ان مشکل میں گھری لڑکیوں کو بحفاظت نیچے اُتارنے کے لیے پہاڑ پر چڑھ گئے۔

جب یہ دونوں اہلکار ان لڑکیوں کو واپس لا رہے تھے۔ تو اس دوران ایک اہلکار کا کندھا اُتر گیا جبکہ دُوسرا اُترائی کے وقت ایک پھسلن زدہ مقام پر توازن برقرار نہ رکھنے سے گر کر زخمی ہو گیا۔ لڑکیوں نے بعد میں بات کرتے ہوئے بتایا کہ اُنہیں اندازہ نہیں تھا کہ یہ بڑا پُرخطر معاملہ ہو گا۔ وہ جُوں جُوں چڑھائی چڑھتی گئیں اُن کا سانس پھُولتا گیا اور پھر وہ نڈھال ہو گئیں۔ دونوں بہنوں نے اس واقعے کو اپنے لیے عبرت سمجھ کر کہا ہے کہ وہ آئندہ ایسی کوئی شرط نہیں لگائیں گی جسے پُورا کرنا اُن کے بس کی بات نہ ہو۔

جدہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں