قطر اور سعودی عرب کے درمیان کشیدہ تعلقات میں بہتری کے آثار دکھائی دینے لگے

قطری امیر شیخ تمیم بن حمد الثانی سعودی عرب کے شہر جدہ پہنچ گئے

Muhammad Irfan محمد عرفان بدھ 29 مئی 2019 13:52

قطر اور سعودی عرب کے درمیان کشیدہ تعلقات میں بہتری کے آثار دکھائی دینے لگے
دوحہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین،29 مئی 2019ء) گزشتہ کچھ سالوں سے قطر کے سعودی عرب سمیت کئی خلیجی ممالک سے تعلقات کشیدگی کا شکار ہیں۔ جُون 2017ءمیں یہ کشیدہ تعلقات اس وقت انتہا کو پہنچ گئے تھے جب سعودی عرب کی سربراہی میں متحدہ عرب امارات، بحرین اور مصر سمیت چند عرب ممالک نے قطر سے سفارتی تعلقات ختم کرنے کا اعلان کیا تھا اور کئی شعبوں میں تعاون اور تجارت سے پیچھے ہٹ گئے تھے جبکہ ان ممالک نے اپنی حدود میں قطری شہریوں کے داخلے پر بھی پابندی عائد کر دی تھی۔

سعودی عرب اور اس کے حلیف ممالک نے قطر پر الزام لگایا تھا کہ وہ ون دہشت گرد گروپوں کی معاونت کر رہا ہے جو سعودی عرب اور دیگر ممالک میں تخریبی سرگرمیوں میں ملوث ہیں اور اُس نے خطے کو عدم استحکام سے دوچار کرنے کے لیے ایران سے تعلقات قائم کر رکھے ہیں۔

(جاری ہے)

تاہم قطر نے ان الزامات کو جھوٹ کا پلندہ قرار دیا تھا اور جواب میں یہ الزام عائد کیا گیا تھا کہ کچھ خلیجی ممالک قطر کی حکومت کا تختہ اُلٹنا چاہتے ہیں۔

اس حوالے سے ایک اچھی خبر یہ ہے کہ 2 سال کے کشیدہ تعلقات میں سُدھار نظر آنے کا امکان پید اہو گیا ہے۔ قطری امیر شیخ تمیم بن احمد الثانی سعودی عرب کے شہر جدہ ایئرپورٹ جا پہنچے ہیں۔ یہ کسی بھی قطری طیارے کی سعودی عرب میں 2 سال بعد لینڈنگ ہوئی ہے۔ شیخ تمیم کو گزشتہ ہفتے سعودی عرب کی جانب سے خطے کے حوالے سے منعقدہ ہنگامی اجلاس میں شرکت کا دعوت نامہ موصول ہوا تھا جس کا مقصد ایران اور امریکا کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی کے بعد خطے کی بدلی ہوئی صورت حال پر تبادلہ خیال کرنا تھا۔ قطر ایئرویز نے ٹویٹر پر بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ ‘قطر ایئرویز کا طیارہ خلیجی بحران اور قطر پر پابندیوں کے بعد پہلی مرتبہ جدہ ایئرپورٹ پر لینڈ ہورہا ہے۔‘

جدہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں