سعودی عرب میں مہنگا ترین ریسٹورنٹ کھُل گیا

اس تُرک ریستوران میں بعض کھانوں کی قیمتوں پاکستانی 50 ہزار رُوپے سے بھی زائد ہے

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعرات 13 جون 2019 09:27

سعودی عرب میں مہنگا ترین ریسٹورنٹ کھُل گیا
جدہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین،13جُون 2019ء) سعودی باشندے کھانے پینے کے بہت رسیا ہیں۔ اسی طرح وہاں پر مقیم پاکستانی، بھارتی اور بنگلہ دیشی بھی مزیدار پکوانوں سے لطف اندوز ہونے کے معاملے میں کسی طرح بھی پیچھے نہیں ہیں۔ اس وقت کھابوں کے شوقین سعودیوں اور پاکستانیوں کو انوکھی غذائی لذت فراہم کرنے کے لیے جدہ میں ایک نیا ریسٹورنٹ کھُلا ہے، مگر یہاں پر کھانا کھانا ہر کسی کے بس کی بات نہیں۔

یہ ریسٹورنٹ تُرکی کے مشہور شیف نصرت غوشکیہ نے جدہ میں شروع کیا ہے، جس کا افتتاح جدہ فیسٹیول کے موقع پر کیا گیا۔ یہاں پر پیش کی جانے والی بعض ڈِشز کی قیمت ایک ہزار ریال تو کیا ڈیڑھ ہزار ریال سے بھی زیادہ ہے۔ یعنی اس تُرک ریسٹورنٹ میں کئی ڈِشز کی قیمت پاکستانی روپوں میں 50 ہزار سے لے کر 60 ہزار تک کے درمیان بنتی ہے۔

(جاری ہے)

مگر حیرت کی بات ہے کہ سعودی ہی نہیں بلکہ تگڑی معاشی حیثیت والے پاکستانی، بھارتی اور دیگر قومیتوں کے لوگ بھی ان انتہائی مہنگے کھانوں سے لطف اندوز ہونے کے لیے ریسٹورنٹ کی سیٹوں پر براجمان نظر آتے ہیں۔

اس ریسٹورنٹ میں نصرت گولڈن اسٹک نامی ڈش کی قیمت 1250 ریال(50 ہزار پاکستانی روپے) جبکہ ایک اور ڈش نصرت سیزلنگ کی قیمت 1560ریال (62 ہزار400 پاکستانی روپے) ہے۔آگے بھی سُنیے۔ یہاں پر مختلف اقسام کے سلاد کی قیمت 65 سے لے کر 125 ریال تک رکھی گئی ہے۔اس وقت سوشل میڈیا پر بھی صارفین کی جانب سے اس ریسٹورنٹ پر بہت سے تبصرے کیے جا رہے ہیں۔ صارفین کا خیال ہے کہ اس تُرک ریسٹورنٹ میں صفائی اور کھانے کا معیار اعلیٰ ہوتا ہے اور کھانا پیش کرنے کا انداز بھی منفرد ہے۔واضح رہے کہ ترک شیف نصرت غوشکیہ کو خاص انداز میں نمک استعمال کرنے کا ماہر مانا جاتا ہے۔

جدہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں