اسلام آباد: پاکستانی عازمین حج کی پہلی پرواز آج سعودی عرب روانہ ہو گی

اس بار سرکاری سکیم کے تحت ایک لاکھ 23 ہزار 316 پاکستانی حج بیت اللہ کی سعادت حاصل کریں گے

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعرات 4 جولائی 2019 10:27

اسلام آباد: پاکستانی عازمین حج کی پہلی پرواز آج سعودی عرب روانہ ہو گی
اسلام آباد( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین- 4 جُولائی 2019ء) پاکستان سے عازمین حج کی پہلی پرواز آج اسلام سے روانہ ہو گی۔ یہ اولین پرواز اسلام آباد سے حاجیوں کو لے کر سعودی مملکت جائے گی۔ اس پرواز کو وفاقی وزیر مذہبی امور پیر نُور الحق قادری اور وفاقی وزیر ہوا بازی غلام سرور خان الوداع کہیں گے۔ وزارت مذہبی امور کے ترجمان کے مطابق لاہور سے پہلی حج پرواز بھی آج بروز جمعرات روانہ ہو رہی ہے۔

اس پرواز کو وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار لاہور ایئرپورٹ سے رخصت کریں گے۔ جبکہ کراچی اور پشاور سے حج فلائٹس کا سلسلہ کل بروز جمعہ سے شروع ہو گا۔ اس سال پہلی بار پی آئی اے کی جانب سے کوئٹہ سے بھی براہِ راست حج پروازیں شروع کی جا رہی ہیں۔ کوئٹہ سے پہلی حج پرواز 7 جولائی بروز اتوار روانہ ہو گی جسے ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم خان سُوری رخصت کریں گے۔

(جاری ہے)

سیالکوٹ سے پہلی حج پرواز 10 جولائی کو روانہ ہو گی۔ اس پرواز کو وزیر اعظم کی معاونِ خصوصی برائے اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان رخصت کریں گی۔ جبکہ سکھر، ملتان، فیصل آباد اور رحیم یار خان سے بھی اگلے چند روز میں حج پروازیں جدہ کو روانہ ہوں گی۔ حج فلائٹ آپریشن ایک ماہ تک جاری رہے گا۔ اس بار سرکاری حج سکیم کے تحت ایک لاکھ 23 ہزار 316 پاکستانی حج بیت اللہ کی سعادت حاصل کریں گے۔ واضح رہے کہ رواں سال عمرہ کی سعادت حاصل کرنے والوں میں پاکستانیوں کا نمبر سرفہرست ہے۔ رواں عمرہ سیزن میں 80 لاکھ سے زائد افراد نے عمرہ کی سعادت حاصل کی جن میں سے پاکستانیوں کی گنتی 13 لاکھ سے زائد ہو چکی ہے۔ حج کے اختتام کے بعد 15 جولائی سے دوبارہ عمرہ سیزن کا آغاز ہو جائے گا۔

جدہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں