مشہور امریکی گلوکارہ نِکی مِناج عنقریب سعودیہ میں اپنی آواز کا جادو جگائیں گی

مقبول گلوکارہ جدہ ورلڈ فیسٹیول کے دوران 18 جولائی کو اپنی گائیکی سے حاضرین کے دِلوں کو گرمائیں گی

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعرات 4 جولائی 2019 13:26

مشہور امریکی گلوکارہ نِکی مِناج عنقریب سعودیہ میں اپنی آواز کا جادو جگائیں گی
جدہ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین- 4 جُولائی 2019ء) سعودی عرب میں مغربی موسیقی کے دلدادہ افراد کے لیے بڑی خوش خبری سُنا دی گئی ہے۔ موجودہ دور کی مقبول ترین امریکی گلوکارہ نِکی مِناج رواں ماہ کے دوران سعودیہ میں بھی اپنی شاندار پرفارمنس کرنے جا رہی ہیں۔ مشہور گلوکارہ 18 جولائی کو جدہ میں جاری ورلڈ فیسٹیول میں اپنی گائیکی کا جادو جگائیں گی۔

اس میوزک کنسرٹ میں سعودی قوانین کے مطابق شراب اور منشیات کا استعمال ممنوع ہو گا اور صرف 16 سال یا اس سے زائد کے افراد ہی اس کانسرٹ میں شرکت کر سکیں گے۔ جبکہ لباس کے معاملے میں بھی سعودی قوانین کی پابندی لازمی ہو گی۔یہ میوزک کانسرٹ بحیرہ احمر سٹی کے شاہ عبداللہ سپورٹس سٹیڈیم میں منعقد ہو گا۔ نِکی مِناج کے سعودی عرب میں اولین میوزک کنسرٹ کو MTV دُنیا بھر میں براڈکاسٹ کرے گا۔

(جاری ہے)

جبکہ باقی پرفارمرز میں برطانوی فنکار لیام پَین اور امریکی ڈی جے سٹیو اوکی بھی شامل ہوں گے۔ سعودی عرب کی جانب سے اس کانسرٹ میں شرکت کے لیے دُنیا بھر سے میوزک کے شائقین کو بھی دعوت دی جا رہی ہے ، خواہش مندوں کو چند منٹوں کے اندر ویزوں کا اجراء کیا جائے گا۔ گزشتہ چند ماہ کے دوران سعودی عرب میں ماریا کیرے، اینرِیک اِگلیسیئس، دی بلیک آئیڈ پِیز، ریپر شان پال اور ڈیوڈ گویٹا اور ٹیسٹو جیسے ڈی جیز بھی پرفارم کر چکے ہیں۔

نِکی مِناج کی اس متوقع پرفارمنس پر سوشل میڈیا میں بہت ہلچل مچ گئی ہے۔ بہت سے لوگوں نے اس خبر پر بہت زیادہ خوشی اور جوش و خروش کا اظہار کیا ہے جبکہ قدامت پرست طبقے نے اسے شدید تنقید کا نشانہ بنایا ہے اور اس طرح کے مغربی انداز کی کانسرٹس کو سعودی تہذیب و ثقافت اور مذہبی و سماجی اقدار پر انتہائی نقصان دہ حملہ قرار دیا ہے۔

جدہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں