سعودی عرب میں میوزک شائقین کے لیے بُری خبر سُنا دی گئی

معروف امریکی گلوکارہ نِکی مِناج نے جدہ کے میوزک کنسرٹ میں شرکت کرنے سے انکار کر دیا

Muhammad Irfan محمد عرفان بدھ 10 جولائی 2019 14:01

سعودی عرب میں میوزک شائقین کے لیے بُری خبر سُنا دی گئی
دمام(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 10جولائی 2019ء) گزشتہ چند روز سے سعودی عرب میں میوزک کی شائق نوجوان نسل بہت پُرجوش دکھائی دیتی ہے۔جس کی وجہ یہ خبر تھی کہ معروف امریکی گلوکارہ اور ریپر و موسیقار نِکی مِناج رواں ماہ 18 جولائی کو سعودی عرب کے شہر جدہ میں جاری میوزک کانسرٹ میں اپنی پرفارمنس سے حاضرین کے دِلوں کو گرمائیں گی۔ اس خبر کے سامنے آنے کے بعد سوشل میڈیا پر ہلچل مچ گئی تھی۔

قدامت پرستوں نے کانسرٹ کے آرگنائزرز کو فحاشی کو فروغ دینے کا طعنہ دیتے ہوئے اُن کی سخت مذمت کی تھی۔ جبکہ میوزک کے شائقین نے اس خبر کو تازہ ہوا کا جھونکا قرار دیتے ہوئے نِکی مِناج کو سعودی سرزمین پر خوش آمدید کہنے کی تیاریاں پکڑ لی تھیں۔ مگر اب خبر یہ آئی ہے کہ بے باک اور بولڈ پرفارمنس دینے والی امریکی گلوکارہ نِکی مِناج سعودی عرب میں پرفارم نہیں کریں گی۔

(جاری ہے)

یہ فیصلہ اُنہوں نے ایک امریکی سماجی تنظیم کی جانب سے کھُلا خط سامنے آنے کے بعد کیا۔ اس کھُلے خط میں سماجی تنظیم کی جانب سے نِکی مِناج پر زور دیا گیا تھا کہ وہ سعودی عرب میں کنسرٹ نہ کریں۔ کیونکہ وہاں پر ریاست کی جانب سے خواتین اور ہم جنس پرست کو بہت زیادہ دباؤ میں رکھا جاتا ہے۔ جبکہ خواتین کو مردوں کے مقابلے میں امتیازی سلوک کا سامنا بھی کرنا پڑتا ہے۔

اس پر نِکی مِناج نے ہامی بھرتے ہوئے اعلان کیا کہ وہ خواتین اور ہم جنس پرست افراد کے ساتھ یکجہتی کے طور پر جدہ میں پرفارم نہیں کرنے جا رہیں۔ اس فیسٹیول میں ان نکی مناج کے علاوہ امریکی ڈی جے اسٹیو اوکے، برطانوی گلوکار لیام پائن اور دیگر موسیقاروں اور گلوکاروں کو پرفارمنس کرنا تھی، تاہم اب نکی مناج اس فیسٹیول میں شرکت نہیں کرنے جا رہیں۔ اسی فیسٹیول میں نکی مناج کے کنسرٹ میں شامل ہونے والی خواتین کو انتظامیہ نے ہدایت کی تھی کہ تمام خواتین امریکی گلوکارہ کی پرفارمنس کے دوران عبایہ اور پردے میں شریک ہو ں گی۔ جبکہ خواتین کے لیے ایک مخصوص جگہ مختص کی جائے گی۔

جدہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں