سعودی عرب پر حوثیوں کا ایک اور ڈرون حملہ

حوثیوں کی جانب سے خمیس مشیط میں عوامی تنصیبات کو نشانہ بنانے کے لیے دو ڈرون فائر کیے گئے

Muhammad Irfan محمد عرفان منگل 16 جولائی 2019 12:33

سعودی عرب پر حوثیوں کا ایک اور ڈرون حملہ
جدہ(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 16جولائی 2019ء) سعودی عرب میں گزشتہ رات ایک بار پھر حوثیوں کی جانب سے ڈرون حملہ کیا گیا۔ سعودی عرب کے زیر قیادت فوجی اتحاد کے ترجمان کرنل تُرکی المالکی نے بتایا کہ شام کے علاقے سے حوثیوں کی جانب سے شہری آبادی کو نشانہ بنایا گیا تاہم دونوں ڈرونز کو ہدف پر پہنچنے سے پہلی ہی تباہ کر دیا گیا۔ ایک ڈرون کا ملبہ ایک محلے میں آ کر گرا جس سے ایک رہائشی عمارت اور چند گاڑیوں کو تھوڑا بہت نقصان پہنچا۔

تاہم خوش قسمتی سے اس حملے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ تُرکی المالکی نے مزید کہا کہ حوثی دہشت گرد سعودی شہریوں اور ان کی تنصیبات پر حملے کیلئے مسلسل ڈرون بھیج رہے ہیں۔ سعودی فضائیہ اور اس کے عرب اتحادی صورتحال پر 24 گھنٹے نظر رکھے ہوئے ہیں۔

(جاری ہے)

حوثی نہ تو اپنا کوئی ہدف حاصل کرسکے ہیں اور نہ حاصل کرسکیں گے۔ اتحادی ترجمان نے مزید کہا کہ ایران کے حمایت یافتہ حوثی جان بوجھ کر شہریوں کو نشانہ بنا رہے ہیں جس سے ان کے اخلاقی دیوالیہ پن کا پتا چلتا ہے۔

شہریوں کو نشانہ بنانا دہشت گردانہ، غیر اخلاقی طور طریقہ اور بین الاقوامی انسانی قانون کے سراسر منافی ہے اور یہ جنگی جرم کے دائرے میں آتے ہیں۔ عرب اتحادی حوثی دہشت گردوں کو سبق سکھانے اور ان کی جنگی صلاحتیوں کو کمزور کرنے کے لئے اقدامات جاری رکھیں گے۔دُوسری جانب حوثیوں کے ترجمان چند روز قبل دعویٰ کیا تھا کہ حوثیوں نے جنوبی سعودی عرب کے عسکری ٹھکانوں اور کنگ خالد ایئر بیس پر بڑا کامیاب حملہ کیا ہے۔حوثی ترجمان کے مطابق یہ حملہ نہایت موثر تھا۔ اسلحہ کے گوداموں میں آگ لگ جانے پر گھبراہٹ پھیل گئی تھی۔ اس حملے میں کئی ڈرون استعمال کئے گئے۔

جدہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں