گزشتہ رات سعودی عرب سمیت کئی ممالک میں چاند گرہن دیکھا گیا

سعودی عرب میں چاند گرہن 11 بج کر دو منٹ پر جبکہ متحدہ عرب امارات میں 12 بج کر 2 منٹ پر دیکھا گیا

Muhammad Irfan محمد عرفان بدھ 17 جولائی 2019 12:05

گزشتہ رات سعودی عرب سمیت کئی ممالک میں چاند گرہن دیکھا گیا
مکّہ مکرمہ(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 17جولائی 2019ء) گزشتہ رات دُنیا کے بیشتر ممالک میں چاند گرہن دیکھا گیا جن میں سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات سمیت کئی دیگر خلجی ممالک بھی شامل ہیں۔ فلکیاتی امور کے بین الاقوامی مرکز کے ڈائریکٹر محمد شوکت عودہ نے سعودی ویب سائٹ سبق کو بتایا کہ سعودی مملکت میں چاند گرہن مقامی وقت کے مطابق 9 بج کر 44 منٹ پر شروع ہوا جبکہ متحدہ عرب امارات میں چاند گرہن کا آغاز 10 بج کر 44 منٹ پر ہوا، مگر شروع میں یہ گرہن انسانی آنکھ سے دیکھا نہیں جا سکا۔

سعودی مملکت میں 11 بج کر 2 منٹ پر جبکہ امارات میں 12 بج کر 2 منٹ پر جزوی چاند گرہن اپنی واضح شکل میں نظر آنا شروع ہوا۔ یہ جزوی چاند گرہن سعودی مملکت میں 12 بج کر 31 منٹ پر اپنی انتہا کو پہنچ گیا اور پھر رات دو بجے ختم ہو گیا۔

(جاری ہے)

جبکہ اماراتی مملکت میں چاند گرہن 1 بج کر 31 منٹ پر انتہا کو پہنچنے کے بعد صبح چار بجے مکمل طو رپر ختم ہو گیا۔ خلیجی ممالک میں جزوی چاند گرہن کا دورانیہ 2 گھنٹے 58 منٹ پر محیط تھا جبکہ دیگر ممالک میں مکمل چاند گرہن کا دورانیہ پانچ گھنٹے 34 منٹ پر مشتمل رہا۔

اس موقع پر مسجد الحرام میں منگل اور بُدھ کی درمیانی شب رات 11 بجے امام شیخ ڈاکٹر عبداللہ الجہنی نے چاند گرہن کی نماز بھی پڑھائی۔ جبکہ مسجد نبوی میں چاند گرہن کی نماز امام شیخ ڈاکٹر علی الخذیفی کی جانب سے پڑھائی گئی۔ یہ چاند گرہن مغربی اور وسطی ایشیا، افریقہ اور یورپی ممالک میں بھی دیکھا گیا۔ جبکہ جنوبی امریکا میں چاند گرہن آخری مرحلے میں دکھائی دِیا۔ اگلی بار عرب ممالک میں جزوی چاند گرہن 28 اکتوبر 2023ء کو عرب ممالک میں دیکھا جائے گا۔

جدہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں