عازمین حج کو دس لاکھ سِم کارڈزاور مفت انٹرنیٹ کا تحفہ مِل گیا

سعودی حکومت کی اس مہربانی کا مقصد عازمین حج کو اپنے پیاروں سے رابطے کی سہولت فراہم کرنا ہے

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعہ 19 جولائی 2019 13:57

عازمین حج کو دس لاکھ سِم کارڈزاور مفت انٹرنیٹ کا تحفہ مِل گیا
جدہ (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 19جولائی 2019ء) سعودی حکومت نے اس بار عازمین حج کو شاندار تحفہ دے دِیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق اس سال حج کے موقع پر جدہ کے شاہ عبدالعزیزانٹرنیشنل ایئرپورٹ پر اُترنے والے عازمین حج میں سم کارڈز تقسیم کیے جارہے ہیں اور ساتھ میں انہیں انٹرنیٹ کی مفت سہولت مہیا کی جارہی ہے۔عازمین حج پر یہ مہربانی سعودی عرب کے فرماں روا شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی ہدایات کی روشنی میں کی جار ہی ہے۔

سعودی حکام کا کہنا ہے کہ رواں حج سیزن کے دوران حاجیوں کی خدمت کے پروگرام کے تحت ن میں دس لاکھ سمیں تقسیم کی جارہی ہیں۔ اس سہولت کا مقصد عازمین کو موقع دینا ہے کہ وہ اپنے آبائی ممالک میں موجود پیاروں کو اپنی خیرخیریت اور مذہبی زیارت سے متعلق مصروفیات سے آگاہ کر سکیں۔

(جاری ہے)

اس مقصد کی خاطر فیلڈ ٹیمیں پورے چوبیس گھنٹے کام کریں گی اور دنیا بھر سے آنے والے عازمین میں موبائل فون کی سمیں تقسیم کریں گی۔

مدینہ منورہ کے شہزادہ محمد بن عبدالعزیز انٹرنیشنل ایئر پورٹ پر پہنچنے والے عازمینِ حج کو سعودی حکومت کے اس پروگرام کے تحت سمیں مہیا نہیں کی جارہی ہیں۔تاہم وہ یہ مفت سمیں سعودی موبائل فون کمپنیوں کے ہوٹلوں کے باہر جگہ جگہ بنے بوتھ سے مفت حاصل کرسکتے ہیں۔ان موبائل کمپنیوں کی ٹیمیں عازمین حج کے ہوٹلوں کے چکر بھی لگا رہی ہیں اور معمول کی تصدیق کے بعد حجاج کرام کو سم کارڈ جاری کردیتی ہیں۔واضح رہے کہ اس وقت چار سعودی موبائل فون کمپنیاں موبائلی ، زین ، لیبارا اور ایس ٹی سی کے کارکن حرم شریف کے باہرمفت سِموں کے کاؤنٹر سجائے بیٹھے ہیں اور عازمین حج کو اُن کے پاسپورٹ نمبر کی بنیاد پر بائیو میٹرک طریقے سے سموں کا اجراء کر رہے ہیں۔

جدہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں