حاجیوں اورمعتمرین کے لیے ایک شاندار سفری سہولت کے منصوبہ پر کام شروع ہو گیا

مکّہ مکرمہ کو جدہ ایئر پورٹ سے ملانے کے لیے 72 کلومیٹر طویل نئی شاہراہ کی تعمیر کا آغاز ہو گیا

Muhammad Irfan محمد عرفان پیر 19 اگست 2019 17:32

جدہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین،19 اگست 2019ء) سعودی حکومت کی جانب سے عمرہ اور حج کی غرض سے آنے والے افراد کے لیے ایک نئی سہولت پر کام شروع ہو گیا ہے۔ اُردو نیوز کی رپورٹ کے مطابق سعودی وزارت ٹرانسپورٹ نے بتایا ہے کہ حج اورعمرہ کی ادائیگی کے لیے آنے والوں کو سہولت مہیا کرنے کی غرض سے مکہ مکرمہ کو جدہ ایئرپورٹ سے نئی شاہراہ کے ذریعے جوڑا جا رہا ہے، جس کی مجموعی لمبائی 72 کلو میٹر ہوگی۔

اس نئی شاہراہ کی تعمیر پر کام شروع ہو چکا ہے۔ اس شاہراہ کا آغاز جدہ میں ایئرپورٹ فلائی اوورسے ہوگا جو مکہ مکرمہ میں رنگ روڈ 3 سے جا کر جُڑے گی۔اس طرح مسافر جدہ شہر سے گزرنے کی بجائے اب ایئرپورٹ سے سیدھا مکّہ مکرمہ جا سکیں گے۔ اس نئی شاہراہ کی بدولت جدہ سے مکّہ تک کا طویل فاصلہ 35 منٹ سے بھی کم وقت میں طے ہو جائے گا۔

(جاری ہے)

’جدہ مکّہ ڈائریکٹ روڈ‘ پر آنے اور جانے والی دونوں اطراف میں ٹریفک کے لیے چار چار ٹریک رکھے جائیں گے۔

اس شاہراہ پر حد رفتار 140 کلومیٹر فی گھنٹہ مقرر ہو گی۔ اگر اس رفتار سے شاہراہ کے ابتداء سے اختتام تک سفر کیا جائے تو پھر مسافت 20 منٹ میں طے ہو سکے گی۔وزارت ٹرانسپورٹ کے مطابق ’جدہ مکہ ڈائریکٹ روڈ‘ سے دونوں شہروں کے رہائشیوں کو بھی فائدہ ہوگا، خاص طور پر جدہ کے شمالی علاقوں میں رہنے والے اس سے مستفید ہوں گے۔ واضح رہے کہ نئی شاہراہ پرکام شروع ہوچکا ہے۔ منصوبہ اگلے مراحل میں ہے اور بہت جلد اسے مکمل کرلیا جائے گا۔
حاجیوں اورمعتمرین کے لیے ایک شاندار سفری سہولت کے منصوبہ پر کام شروع ..

جدہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں