سعودی نوجوانوں نے بار بی کیو کے لیے مگر مچھ کا شکار کر ڈالا

نوجوانوں کی بار بی کیو کی ویڈیو وائرل ہونے کے بعد سعودی عوام بھڑک اُٹھے

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعرات 22 اگست 2019 11:30

سعودی نوجوانوں نے بار بی کیو کے لیے مگر مچھ کا شکار کر ڈالا
ریاض (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین،22 اگست 2019ء) سعودی نوجوان ایڈونچر کے بہت رسیا ہیں۔ وقتاً فوقتاً ان کی جانب سے اُلٹی سیدھی حرکات والی بے شمار تصویریں اور ویڈیوز وائرل ہوتی رہتی ہیں۔ مگر اب کی بار سعودی نوجوانوں نے ایسا کام کیا کہ خود اُن کے ہم وطن ہی اُنہیں شدید تنقید کا نشانہ بنانے لگے ہیں۔ اُردونیوز کی خبر کی تفصیلات کے مطابق چند سعودی نوجوان تفریح کی غرض سے جنوبی افریقہ گئے۔

جہاں انہوں نے بار بی کیو کا پروگرام بنایا۔ مگر اس پروگرام میں ایک انوکھی بات یہ تھی کہ انہوں نے کوئی مُرغی ، مچھلی، بکری ، اُونٹ یا ہرن نہیں کھایا، بلکہ ایک گھنے جنگل میں جا کر پانی کی ایک جھیل میں تیرتے مگر مچھ کو مار ڈالا اور پھر اسے کنارے پر لا کر اسے چھوٹے چھوٹے ٹکڑوں میں بانٹ کر اس کا بار بی کیو اور پھر مزے لے لے کر اس کے گوشت کی دعوت اُڑائی۔

(جاری ہے)

بات صرف یہیں تک رہتی تو کچھ نہیں تھا۔ مگر انہوں نے اپنے اس شکار اور بعد میں اس مگر مچھ کی بار بی کیو کی ویڈیو بھی ٹویٹر پر فخریہ انداز میں پیش کی۔ اس ویڈیو کے سامنے آنے پر سعودی عوام کی اکثریت نے اُسے شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔ صرف چند نوجوانوں نے ان کے اس انوکھے کام پر اُن کی تعریف کی۔ یہاں تک کہ سعودی علماء بھی سوشل میڈیا پر اس حوالے سے ہونے والی بحث میں کُود پڑے ہیں۔

کچھ علماء کے خیال میں مگر مچھ حلال ہے اور کچھ نے اسے حرام قرار دیا ہے۔ ایک سعودی صارف نے ان کی اس مہم جوئی پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا ” ’سعودیوں نے گائے، بکری اور اونٹ کے بعد گوہ، زرافہ، گھوڑا اور نہ جانے کیا کیا کھا لیا اور اب مگر مچھ کی باری ہے، مجھے لگتا ہے کہ یاجوج وماجوج ہم میں سے ہوں گے۔‘جبکہ ایک صارف نے پُوچھا کہ مگر مچھ کے گوشت کا ذائقہ کیسا تھا۔ یہاں یہ بات بتاتے چلیں کہ عرب ممالک میں بہت سے لوگ مگر مچھ کا گوشت بہت رغبت سے کھاتے ہیں۔

جدہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں