حجاج کی خدمت بڑھ چڑھ کر کرنے والے سیکیورٹی اہلکار پر سعودی حکام بھی مہربان ہو گئے

سعودی وزیر داخلہ نے ماجد بن نادر کو انسان پرستی پر ایک لاکھ ریال اور ایک قیمتی کار سے نواز دیا

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعہ 23 اگست 2019 12:42

حجاج کی خدمت بڑھ چڑھ کر کرنے والے سیکیورٹی اہلکار پر سعودی حکام بھی مہربان ہو گئے
جدہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین،23 اگست 2019ء) سعودی عرب میں حج کے موقع پر تعینات سیکیورٹی اہلکاروں نے ہر بار کی طرح اس بار بھی اپنی ڈیوٹی انتہائی فرض شناسی کے جذبے کے تحت ادا کی۔ ایک سیکیورٹی اہلکار ایسا بھی تھا جس نے ایک معمر پاکستانی حاجی کو کئی سو میٹر تک اپنے ہاتھوں میں اُٹھا کر اس کی منزل مقصود تک پہنچایا۔ اس موقع پر ایک فوٹوگرافر کی جانب سے لی گئی تصویر دُنیا بھر میں مشہور ہو گئی۔

ایسا ہی ایک سیکیورٹی اہلکار ماجد بن نادر بھی ہے جو اس وقت سعودی عرب کی قیادت اور عوام کی آنکھوں کا تارا بن گیا ہے۔ العربیہ نیٹ کے مطابق ماجد بن نادر منیٰ کے ریلوے اسٹیشن نمبر 1 پرتعینات تھا جہاں اس نے ایک معمر عرب حاجن کی مدد کی۔ خاتون نے ماجد کے شکریہ کے طور پر اسے کچھ رقم دینا چاہی تو فرض شناس اہلکار نے جواب میں کہا کہ 'اماں جی یہ میری ڈیوٹی ہے'۔

(جاری ہے)

اس کے یہ الفاظ اور منظر کیمرے میں محفوظ ہو گئے اور ویڈیو کی شکل میں سوشل میڈیا پر وائرل ہوتے ہی جنگل کی آگ کی طرح پھیل گئے۔خاتون حاجی نے ماجد بن نادر کو ایک تحفہ دیا جس پر'یہ میری ڈیوٹی ہے' کے الفاظ درج تھے۔ یہ خبر سعودی عرب کے اعلیٰ حکام تو پہنچی تو وزیر داخلہ شہزادہ عبدالعزیز بن سعود بن نایف نے ماجد بن نادر سے ٹیلیفون پر رابطہ کیا۔ اس کی حجاج کی خدمت کے جذبے کو سراہتے ہوئے اسے ایک بیش قیمت کار اور ایک لاکھ ریال نقد تحفہ دینے کا اعلان کیا۔ اس کے علاوہ وزیر داخلہ نے کہا ہے کہ ماجد کو اس کے پسندیدہ شہر میں تعینات کیا جائے گا۔ حج کی ذمہ دارایاں ختم ہونے کے بعد سیکیورٹی اہلکار ماجد بن نادر بن عبدالعزیز وزیر داخلہ سے ملاقات بھی کرے گا۔

جدہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں