جدہ: کیا نجی ڈرائیوروں کی اقامہ فیس میں اضافہ کر دیا گیا؟

سعودی محکمہ پاسپورٹ (جوازات) کی جانب سے موٴقف سامنے آ گیا

Muhammad Irfan محمد عرفان پیر 2 ستمبر 2019 12:49

جدہ: کیا نجی ڈرائیوروں کی اقامہ فیس میں اضافہ کر دیا گیا؟
جدہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین،2 ستمبر، 2019ء) سعو دی عرب میں مقیم غیر مُلکی ڈرائیورز اس وقت بے چینی کا شکار ہیں۔ اس کی وجہ سوشل میڈیاپر گردش کرنے والی وہ خبریں ہیں جن کے مطابق یکم محرم الحرام 1441 ھ (31 اگست 2019ء) سے سعودی گھرانوں میں کام کرنے والے ڈرائیوروں کی اقامہ فیس اور اقامہ کی توسیعی فیس میں بھی اضافہ کر دیا گیا ہے۔ سوشل میڈیا پر پھیلائی گئی اس خبر کے مطابق نجی ڈرائیوروں کو بھی اقامہ فیس کی مد میں اتنی ہی رقم جمع کروانی ہو گی جتنی کہ عام کارکنان کے اقامے پر عائد کی گئی ہے۔

اس معاملے سعودی محکمہ پاسپورٹ (جوازات) کا موٴقف بھی سامنے آ گیا ہے۔ جوازات نے سوشل میڈیا پر پھیلائی جانے والی ان تمام خبروں کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایسی خبروں میں کوئی صداقت نہیں ہے۔

(جاری ہے)

نجی ڈرائیروں کی اقامہ فیس میں قطعاً کوئی اضافہ نہیں ہوا، اور نہ ہی اقامہ کی توسیع کروانے پر کوئی اضافی رقم ادا کرنا ہو گی۔ اس حوالے سے ابھی تک کوئی تجویز بھی زیر غور نہیں ہے۔

عوام کو چاہیے کہ وہ سوشل میڈیا پر پھیلائی جانے والی خبروں پر بالکل بھی کان نہ دھریں۔ جن لوگوں نے ایسی خبریں پوسٹ کر کے غیر مُلکی ڈرائیورز میں بے چینی پیدا کی ہے، ان کے خلاف سائبر کرائم ایکٹ کے تحت عوام میں خوف و ہراس پھیلائے جانے کے الزام میں قانونی کارروائی کی جائے گی۔ لوگوں کو چاہیے کہ وہ سوشل میڈیا پر جوازات سے متعلق پوسٹ ہونے والی خبروں پر اس وقت تک یقین نہ کریں جب تک وہ خود جوازات کی آفیشل ویب سائٹ پر اس حوالے سے کوئی ہدایت، اعلان یا وضاحت نہ دیکھ لیں۔واضح رہے کہ خواتین کی ڈرائیونگ پر سے پابندی ہٹنے کے باوجود سعودی عرب میں نجی ڈرائیورز کی تعداد اور ان کے لیے ویزوں کے اجراء پر کوئی فرق نہیں پڑا۔

جدہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں