رواں عمرہ سیزن کے دوران ایک کروڑ سے زائد افراد عمرہ کی سعادت حاصل کریں گے

سعودی کابینہ کے اجلاس میں بتایا گیا کہ اس بار ماضی کی نسبت 20 فیصد عمرہ ویزے زیادہ جاری کیے جائیں گے

Muhammad Irfan محمد عرفان بدھ ستمبر 10:51

رواں عمرہ سیزن کے دوران ایک کروڑ سے زائد افراد عمرہ کی سعادت حاصل کریں ..
جدہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین،4ستمبر، 2019 ء) سعودی حکومت کی جانب سے خوش خبری سُنائی گئی ہے کہ اس بار ایک کروڑ سے زائد فرزندانِ توحید کو عمرہ ویزے جاری کیے جائیں گے۔ اس حوالے سے نئے عمرہ سیزن کی تمام تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔ سعودی خبر رساں ادارے ایس پی اے نے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ سعودی کابینہ کا اجلاس منگل کو جدہ کے قصر السلام میں منعقد ہوا۔

جس کی صدارت سعودی فرماں روا شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے کی۔ کابینہ کی جانب سے نئے عمرہ سیزن کے آغاز پر کی جانے والی تیاریوں کو تسلی بخش قرار دیا۔ قائم مقام وزیر اطلاعات ڈاکٹر ماجد القصبی نے اجلاس کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ کابینہ میں نئے ہجری سال کے آغاز پر مشرق وسطیٰ اور عالمی حالات حاضرہ پر متعدد رپورٹس سے بھی آگاہ کیا گیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پرسعودی کابینہ نے سلامتی کونسل کی حوثیوں سے متعلق سلامتی کونسل کی قرارداد کا خیر مقدم بھی کیا۔کابینہ کو بتایا گیا کہ اس بار عمرہ سیزن کے دوران پہلے مقابلے میں 20 فیصد زائد عمرہ ویزے جاری کیے جائیں گے۔ واضح رہے کہ سعودی عرب میں نئے ہجری سال کا آغاز ہوتے ہی نیا عمرہ سیزن بھی شروع ہو گیا ہے۔ اس سلسلے میں عمرہ زائرین کی اولین فلائٹ سوموار کو زائرین کو لے کر جدہ انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر پہنچی تو سعودی محکمہ پاسپورٹ (جوازات) کے سربراہ جنرل سلیمان بن عبدالعزیز الیحییٰ نے ان کا گرم جوشی سے استقبال کیا۔

ملائیشیا سے آئے زائرین کو اس موقع پر گلدستے پیش کیے گئے اور عمرہ کے سفر کی مبارک باد بھی دی گئی۔ اس کے علاوہ انہیں جوازات کی جانب سے تحائف بھی پیش کیے گئے۔جوازات کے سربراہ جنرل سلیمان الیحییٰ نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اس بار معتمرین کو پہلے کی نسبت زیادہ سہولتیں فراہم کرنے کے لیے جامع منصوبہ تیار کیا گیا ہے۔ اس مقصد کے لیے نئی ٹیکنالوجی متعارف کرائی گئی ہے جس کی مدد سے معتمرین کی امیگریشن کی کارروائی ایک منٹ کے اندر اندر مکمل ہو جایا کرے گی اور انہیں انتظار کی کوفت سے نہیں گزرنا پڑے گا۔

واضح رہے کہ گزشتہ عمرہ سیزن میں 70 لاکھ سے زائد افراد نے عمرہ کی سعادت حاصل کی۔ جن میں سب سے زیادہ پاکستانی تھے، جو 16 لاکھ سے بھی زائد گنتی کے باعث عمرہ کرنے والوں کی فہرست میں پہلے نمبر پر براجمان رہے۔

جدہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں:

Your Thoughts and Comments