سعودی عرب میں عوامی مقامات پر لائسنس یافتہ اسلحہ لے جانے پر بھی پابندی لگ گئی

وزارت داخلہ کی جانب سے چھ ایسے مقامات کی وضاحت کی گئی ہے جہاں پر لائسنس یافتہ اسلحے کی سرعام نمائش کرنا ممنوع ہو گا

Muhammad Irfan محمد عرفان بدھ 4 ستمبر 2019 11:17

سعودی عرب میں عوامی مقامات پر لائسنس یافتہ اسلحہ لے جانے پر بھی پابندی لگ گئی
جدہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین،4ستمبر، 2019 ء) سعودی عرب میں لائسنس یافتہ اسلحے کے حامل افراد کو ہدایت جاری کی گئی ہے کہ وہ اپنے پاس موجود اسلحے کا صرف وہی استعمال کر سکتا ہے جس مقصد کے لیے اسے اسلحے کا لائسنس دیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ لائسنس یافتہ اسلحے کا کوئی اور استعمال قطعی طور پر ممنوع ہو گا۔ لائسنس یافتہ اسلحہ رکھنے والوں کو مخصوص قوانین پر سختی سے عمل کرنا ہو گا۔

کسی شخص کوعوامی مقامات پر اسلحے کی سرعام نمائش کی اجازت نہیں ہے۔ وزارت داخلہ کی جانب سے ان چھ مقامات کی وضاحت کی گئی ہے جہاں پر لائسنس یافتہ اسلحہ بھی نہیں لے جایا جا سکتا۔ سعودی وزارت داخلہ کے مطابق حرمین شریفین یا اس سے ملحقہ احاطوں اور دیگر مساجد میں اسلحہ لے جانا قطعی ممنوع ہے۔ فوجی تنصیبات و دفاتر، پیٹرو کیمیکل انڈسٹری اور ریفائنریز میں بھی اسلحہ لے جانا منع ہے۔

(جاری ہے)

سرکاری اداروں، ہوائی اڈوں اور ریلوے اسٹیشن پر بھی اس پابندی کا اطلاق ہو گا۔ کوئی شخص اپنا لائسنس یافتہ اسلحہ بیرون ملک سفر کے لیے بلا اجازت ساتھ نہیں لے جا سکتا۔ اگر بہت ضروری ہو تو اس کے لیے ایئر پورٹ اتھارٹی اور اس ملک کی وزارت داخلہ سے اجازت لینا ہو گی جہاں کا سفر کیا جا رہا ہے۔ اگر کسی شخص نے صحرا میں اپنی حفاظ کی خاطر اسلحہ لائسنس لیا ہے تو وہ اسی غرض سے اس کا استعمال کرے گا اور شکار کے لیے لائسنس حاصل کرنے کی صورت میں یہ لائسنس اسی مقصد کے لیے استعمال ہو گا۔ خلاف ورزی کرنے والے کو قید اور جرمانے کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

جدہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں