نوسربازوں نے 400 سعودی خواتین کو نوکری دلانے کے بہانے ہزاروں ریال لُوٹ لیے

واٹس ایپ پر پیغام بھیجا گیا کہ 200ریال کے پروفیشنل تعلیمی کورس کے بعد سرکاری سکول میں نوکری بھی دلوائی جائے گی

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعہ 13 ستمبر 2019 11:07

نوسربازوں نے 400 سعودی خواتین کو نوکری دلانے کے بہانے ہزاروں ریال لُوٹ لیے
جازان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین،13ستمبر 2019ء) سعودی عرب میں سینکڑوں خواتین سرکاری نوکری کے لالچ میں رقم لُٹا بیٹھیں۔ عربی اخبار عکاظ کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ چند نوسربازوں کی طرف سے خود کو ایک کمپنی ظاہر کر کے سینکڑوں خواتین کو واٹس ایپ پر پیغام بھیجا گیا کہ صرف 200سعودی ریال کے عوض ایک پروفیشنل تعلیمی کورس کروایا جا رہا ہے، جس کے بعد کمپنی کی جانب سے خواتین کو سرکاری سکولوں میں نوکری بھی دلائی جائے گی۔

سینکڑوں خواتین نے اس پیغام کے بعد 200 ریال بھیج کر اپنی رجسٹریشن کروا لی اور کمپنی کی جانب سے پروفیشنل کورس کے لیے بُلوائے جانے کا انتظار کرنے لگیں۔ تاہم کمپنی کی جانب سے انہیں واٹس ایپ پر ہی کورسز کا مواد بھیج دیا گیا اور بعد ازاں سند بھی جاری کی گئی۔

(جاری ہے)

خواتین اس بات پر خوش ہو گئیں۔ تاہم بعد میں اُنہیں پتا چلا کہ اُن کے ساتھ بڑا ہاتھ ہو گیا ہے۔

یہ سند کسی بھی تعلیمی ادارے یا یونیورسٹی سے رجسٹر نہیں تھی۔ اس جعلی کمپنی کی جانب سے فرضی سند کے ساتھ یہ پیغام بھی موصول ہوا تھا کہ کسی بھی سکول میں جا کر یہ سند دکھائیں گی تو انہیں نوکری مِل جائے گی۔ تاہم جب ایسا نہ ہوا توان سینکڑوں خواتین نے پولیس میں شکایت درج کروا دی۔ جس کے بعد وزارت محنت نے فوری طور پر کارروائی کرتے ہوئے نامعلوم ملزمان کے خلاف تحقیقات شروع کر دی ہیں۔ خواتین کی جانب سے بتایا گیا کہ اس کمپنی کی جانب سے ایک ہوٹل کے کمرے میں ہی دفتر بنایا گیا تھا۔ جو فراڈ کرنے کے بعد وہاں سے غائب ہو چکے ہیں۔ اس جعلی کمپنی کو ایک خاتون چلا رہی تھی۔ جس کا پتا چلانے کے لیے تحقیقات کا دائرہ وسیع کر دیا ہے۔

جدہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں