سعودی عریبین ایئر لائنز نے 89 ویں یومِ وطنی پر بڑی خوش خبری سُنا دی

اکانومی کلاس کے لیے جہاز کی ٹکٹ کا کرایہ صرف 99 ریال ہو گا

Muhammad Irfan محمد عرفان ہفتہ 21 ستمبر 2019 10:25

سعودی عریبین ایئر لائنز نے 89 ویں یومِ وطنی پر بڑی خوش خبری سُنا دی
جدہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین،21ستمبر 2019ء) سعودی عریبین ایئر لائنز (السعودیہ) نے 89 ویں یوم وطنی پر مملکت میں مقیم مقامی اور تارکین وطن کو شاندار خبر سُنا دی ہے۔ سعودی عریبین ایئر لائنز نے اعلان کیا ہے کہ یومِ وطنی کی مناسبت سے اکانومی کلاس کی ٹکٹ کا کرایہ صرف 99 ریال ہو گا۔ قومی ایئر لائنز کی جانب سے 99 ریال مالیت کے 10 لاکھ ٹکٹ جاری کیے جا رہے ہیں۔

سعودی اخبار کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ 99ریال کے سستے سفر کی یہ سہولت صرف اندرون ملک پروازوں کے لیے یکطرفہ سفر کے لیے دی جا رہی ہے۔ 99 ریال کی یہ رعایتی ٹکٹ صرف اکانومی کلاس کی سیٹوں کے لیے مخصوص ہو گی۔ اس میں ویلیو ایڈڈ ٹیکس شامل نہیں ہے۔ السعودیہ کی جانب سے کہا گیا ہے کہ ان سستی ٹکٹس کے لیے بکنگ 20 ستمبر 2019ء سے 23 ستمبر 2019ء تک کروائی جا سکتی ہے۔

(جاری ہے)

جبکہ حاصل کی گئی ٹکٹس پر سفر 15 اکتوبر 2019ء سے 31 مارچ 2020ء کے درمیان کیا جا سکے گا۔ جو لوگ اس پیشکش سے فائدہ اُٹھانا چاہتے ہیں، وہ پہلی فرصت میں ریزرویشن کروا لیں۔ تاہم ان رعایتی ٹکٹس کا اجراء نشستوں کی دستیابی کی صورت میں ہی ہو گا۔ واضح رہے کہ سعودی عرب میں 23 ستمبر 2019ء کو یومِ وطنی کی تمام تقریبات مفت ہوں گی۔ سعودی عرب کے قومی دِن کے موقع پر 13 ریجنز میں عوام کی تفریح کے لیے تقریبات منعقد کی جائیں گی۔

یہ تقریبات تمام عمر کے افراد کی دلچسپیوں کو مدنظر رکھتے ہوئے ترتیب دی گئی ہیں۔ سعودی جنرل انٹرٹینمنٹ اتھارٹی کے سربراہ عمرو باناجہ نے بتایا کہ اس بار یومِ وطنی کی تمام تقریبات کی ایک ہی تھیم رکھی گئی ہے۔ اس بار کی تھیم سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کے ایک خطاب میں بولے گئے فقرے”چوٹی تک پہنچنے کے لیے ہمت کریں“سے ماخوذہے۔ اس بار یوم الوطنی کی تقریبات محلے کی سطح پر بھی منعقد ہوں گی۔ ریاض ، جدہ اور الخبر میں ایئر شو کا اہتمام کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ مختلف کانسرٹ بھی منعقد کیے جائیں گے۔

جدہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں