سعودی مملکت کی شاہراہوں پر ٹول ٹیکس کب نافذ کیا جائے گا؟

سعودی محکمہ ٹرانسپورٹ کی جانب سے سوشل میڈیا پر آنے والی خبروں کے حوالے سے وضاحت کر دی گئی

Muhammad Irfan محمد عرفان ہفتہ 5 اکتوبر 2019 09:53

سعودی مملکت کی شاہراہوں پر ٹول ٹیکس کب نافذ کیا جائے گا؟
جدہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔5اکتوبر2019ء) گزشتہ چند دِنوں سے سوشل میڈیا پر یہ خبریں آ رہی ہیں کہ سال 2020ء کے آغاز سے سعودی مملکت کی شاہراہوں پر ٹول ٹیکس کا نفاذ کر دیا جائے گا۔ تاہم عربی ویب نیوز عاجل نے وزیر ٹرانسپورٹ کے مشیر یاسفر المسفر کا اس حوالے سے بیان شائع کیا ہے جس کے مطابق سوشل میڈیا پر جو خبریں چلائی جا رہی ہیں کہ 2020ء کے آغاز میں یہ ٹیکس نافذ کر دیا جائے گا،اس میں کوئی صداقت نہیں ہے۔

کیونکہ ابھی تک ٹول ٹیکس کے نفاذ کے حوالے سے حتمی فیصلہ نہیں لیا گیا۔ یہ معاملہ اس وقت زیر غور ضرور ہے ، تاہم حتمی فیصلہ ہونے کے بعد اس کا باقاعدہ طور پر اعلان کر دیا جائے گا۔ جبکہ ابھی تک ٹول ٹیکس کے زمرے میں وصول کی جانے والی فیس بھی طے نہیں کی گئی۔ سعودی ٹرانسپورٹ کے ترجمان نے مزید کہا کہ عوام سوشل میڈیا پر اس حوالے سے آنے والی خبروں پر دھیان نہ دیں۔

(جاری ہے)

جو بھی فیصلہ ہو گا وہ عوامی مفاد کو مدنظر رکھ کر کیا جائے گا۔ واضح رہے کہ گزشتہ سال سعودی وزیر ٹرانسپورٹ کی جانب سے ایک اخبار کو دیئے گئے انٹرویو میں کہا گیا تھا کہ سعودی وزارت ٹرانسپورٹ سعودی مملکت کی 6 اہم شاہراہوں پر ٹول ٹیکس نافذ کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔ جس کا نفاذ 2020ء کے آغاز سے کرے گی۔ تجرباتی طور پر ٹول ٹیکس کا نفاذ شہر کی مصروف ترین شاہراہوں پر کیا جائے گا۔ جبکہ ذرائع کے مطابق حکومت علامتی ٹول ٹیکس کی مد میں چھوٹی گاڑیوں سے 4 ریال اور ہیوی ڈیوٹی گاڑیوں سے 100 ریال ماہانہ کی وصولی پرغور کر رہی ہے۔

متعلقہ عنوان :

جدہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں