سعودی عرب میں چوری کی ڈھیروں وارداتیں کرنے والا پاکستانی گینگ گرفتار

ملزمان نے جدہ اور جموم میں مختلف وارداتوں کے دوران لاکھوں ریال لُوٹے تھے

Muhammad Irfan محمد عرفان منگل 8 اکتوبر 2019 10:10

سعودی عرب میں چوری کی ڈھیروں وارداتیں کرنے والا پاکستانی گینگ گرفتار
جدہ (اُردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 8 اکتوبر2019ء) سعودی ویب سائٹ سبق کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ جدہ اور جموم کمشنریوں میں چوری کی متعدد وارداتوں میں ملوث تین پاکستانیوں کو گرفتار کر لیا گیا ہے جو ایک گینگ کی صورت میں وارداتیں انجام دیتے تھے۔ مکہ مکرمہ ریجن پولیس کے ترجمان کرنل محمد الغامدی نے بتایا کہ یہ پاکستانی گروہ مختلف علاقوں میں 10 سے زائد دُکانیں لُوٹ چُکا ہے۔

یہ چور گینگ رات کے وقت دُکانوں کے تالے توڑ کر وہاں موجود سامان اور نقدی لُوٹ کر فرار ہو جاتے، اس کے علاوہ گوداموں سے بھی مال چوری کر کے بیچا کرتے تھے۔ تینوں گرفتار شدہ ملزمان کی عمریں 30 سے 40 سال کے درمیان ہیں۔ یہ پاکستانی ملزم روزگار کے سلسلے میں سعودی عرب میں مقیم تھے مگر ساتھ ساتھ چوری کی وارداتیں بھی کرتے تھے۔

(جاری ہے)

کرنل محمد الغامدی کے مطابق یہ چور کئی وارداتوں میں ملوث ہونے کے سبب پولیس کو کافی عرصے سے مطلوب تھے۔

اکثر دُکانوں اور گوداموں میں کی جانے والی چوریاں اور وہاں سے والے شواہد سے اندازہ ہو گیا تھا، کہ کوئی ایک ہی گروہ ان وارداتوں میں ملوث ہے۔ان کی گرفتاری کے لیے پولیس کی جانب سے ایک خصوصی ٹیم تشکیل دی گئی تھی۔ بالآخر اپنی تمام تر ہوشیاری کے باوجود یہ پولیس کے نرغے میں آ ہی گئے۔ پولیس نے چور گینگ سے مختلف وارداتوں کے دوران لُوٹی گئی 3 لاکھ 15 ہزار ریال کی رقم بھی برآمد کر لی ہے۔ گرفتار ملزمان کو ضبط شدہ رقم کے ساتھ استغاثہ کے حوالے کر دیا گیا۔ جس کی جانب سے کارروائی مکمل ہونے کے بعد انہیں عدالت میں پیش کر دیا جائے گا۔

جدہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں