پانی کی بندش سے پریشان شہری نے وزیر پانی و بجلی کو واٹس ایپ پیغام بھیج دیا

جازان کے رہائشی کا آڈیو واٹس ایپ پیغام ملنے پر وزیر نے اُسے جواب بھی دیا، اور متعلقہ حکام کو بھی ہدایت کر دی

Muhammad Irfan محمد عرفان منگل 8 اکتوبر 2019 11:25

پانی کی بندش سے پریشان شہری نے وزیر پانی و بجلی کو واٹس ایپ پیغام بھیج دیا
جدہ(اُردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔8 اکتوبر2019ء) مملکت پاکستان میں اگر پانی کا مسئلہ پیدا ہو جائے تو متعلقہ محکمے کے درمیانے درجے کے افسر سے مِلنا بھی بڑا کارنامہ خیال کیا جاتا ہے۔متعلقہ وزیر تک پہنچنا تو ایک خواب جیسا ہی ہے، کوئی کوئی خوش نصیب ہی بڑی سفارشیں لڑانے کے بعد ایسا کرنے میں کامیاب ہو پاتا ہے۔ تاہم ایک گاؤں سے تعلق رکھنے والے سعودی کو علم نہیں تھا کہ اس کی مملکت کے وزیر اتنے عوام دوست اور ذمہ دار ہیں کہ اس کی جانب سے کیے گئے واٹس ایپ آڈیو پیغام کو نہ صرف سُنیں گے، بلکہ اس کا جواب بھی دیں گے اور اس کا مسئلہ بھی فوری طور پر حل کروا دیں گے۔

تفصیلات کے مطابق جازان کے ایک گاؤں میں کئی دِنوں سے پانی کی بندش کا مسئلہ چلا آ رہا تھا۔ مکینوں نے پانی کے محکمے کو شکایت بھی درج کروائی مگر ان کا مسئلہ پھر بھی حل نہ ہو سکا۔

(جاری ہے)

جب پانی کی سپلائی بحال نہ ہوئی تو گاؤں کے ایک پریشان شخص نے کہیں سے وزیر پانی و بجلی کا موبائل نمبر نکال کر اس پر ان کو واٹس ایپ پر آڈیو پیغام بھیج دیا۔ سردار عبدہ بن عمرین نے سبق نیوز کو بتایا کہ میں نے وزیر پانی کو بھیجے گئے آڈیو پیغام میں اپنے گاؤں میں پانی کی عدم فراہم پر پیدا ہونے والی تکلیف دہ صورتِ حال سے آگاہ کیا اور بتایا کہ بارہا شکایات درج کروانے کے باوجود بھی ہماری داد رسی نہیں ہو رہی۔

متعلقہ حکام ہماری بات پر بالکل بھی کان نہیں دھر رہے۔ میرا خیال تھا کہ اس کا کچھ فائدہ نہیں ہو گا۔ مگر میری حیرانی کی اُس وقت انتہا نہ رہی جب تھوڑی دیر بعد وزیر پانی کا واٹس ایپ پر پیغام آیا جو کچھ یوں تھا ”اللہ تعالیٰ کے حکم سے سب ٹھیک ہو جائے گا۔“ پہلے تو میں حیران ہوا پھر مجھے یقین ہو گیا کہ ہمارا مسئلہ جلد حل ہو جائے گا۔ پھر تھوڑی دیر بعد ہی میرے موبائل فون پر محکمہ پانی کے کسی اعلیٰ ترین افسر کی کال آئی جس نے مجھ سے مسئلہ پوچھنے کے بعد یقین دلایا کہ اسے جلد حل کر دیا جائے گا۔ اس کے چند سیکنڈ بعد ہی ٹیکنیکل ٹیم کی جانب سے بھی کال موصول ہوئی کہ مسئلہ حل کرنے کے لیے ایک ٹیم گاؤں پہنچنے ہی والی ہے ، بس تھوڑی دیر میں پانی کی سپلائی دوبارہ سے بحال ہو جائے گی۔

جدہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں