سعودی عرب میں اکثر علاقوں میں سیلابی صورتِ حال کا خدشہ

محکمہ موسمیات کے مطابق بُدھ سے اتوار تک اکثر مقامات پر موسلادھار بارش، تیز ہوا اور گرد و غبار کا طوفان چلے گا

Muhammad Irfan محمد عرفان بدھ 9 اکتوبر 2019 11:30

سعودی عرب میں اکثر علاقوں میں سیلابی صورتِ حال کا خدشہ
جدہ(اُردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔9 اکتوبر2019ء ) سعودی عرب میں گزشتہ روز مکہ ریجن سمیت دیگر کئی علاقوں میں بھی بہت تیز رفتار بارش ہوئی۔ خصوصاً طائف میں برف باری بھی ہوئی۔ سعودی محکمہ موسمیات کی جانب سے خبردار کیا گیا ہے کہ مملکت کے بیشتر علاقوں میں موسم غیر یقینی رہے گا۔ کئی علاقوں میں تیز بارش کے باعث سیلابی صورتِ حال پیدا ہو سکتی ہے۔خصوصاً مکہ مکرمہ کے رہائشی محتاط رہیں۔

وادیوں اور نشیبی علاقوں کا رُخ نہ کیا جائے کیونکہ وہاں پر بڑی مقدار میں پانی اکٹھا ہونے سے کسی سنگین صورتِ حال کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ شہریوں کو چاہیے کہ وہ تیز ہواؤں کے چلنے کے دوران گاڑیاں درختوں اور نیون سائن کے قریب کھڑی نہ کریں اور راہگیروں کو بھی گزرتے وقت احتیاط سے کام لینا چاہیے۔

(جاری ہے)

اگلے چند روز کے دوران شہری خصوصاً شاہراہوں کا سفر کرتے وقت احتیاط کریں۔

جبکہ کئی علاقوں میں گرد و غبار کا طوفان بھی چلے گا اس لیے خصوصاً سانس کے مریض گھروں تک ہی محدود رہیں۔ مکہ مکرمہ، جازان، عسیر، باحہ اور مدینہ ریجن کے علاوہ ساحلی علاقوں میں بھی اگلے ایک ہفتہ تک گرد آلود ہوائیں چلیں گی، جس کے باعث حدِ نگاہ کم رہنے کا امکان ہے۔ آج بُدھ کے روز سے لے کر اتوار تک کئی علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش، تیز ہوائیں اور گرد و غبار کے طوفان کا بھرپور امکان ہے۔ مدینہ منورہ میں آج شام سے لے کر فجر تک دُھند چھائی رہے گی، اس لیے ڈرائیور حضرات شاہراہوں پر سفر کرنے سے حتی الامکان گریز کریں۔ محکمہ موسمیات کے مطابق ریاض، تبوک، شمالی علاقوں، حائل، القصیم اور الجوف میں بھی آج درمیانے درجے کی بارش ہو سکتی ہے۔

جدہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں